سٹاک مارکیٹ میں تیزی، سرمایہ کاری میں 59ارب 53کروڑ کا اضافہ، سونا 850روپے تولہ سستا ڈالر کی قدر میں 9پیسے اضافہ
کراچی (اکنامک رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی کے سبب کے ایس ای100انڈیکس 34400 کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی، کاروبار میں تیزی کے سبب سرمایہ کاری مالیت میں مزید59ارب53کروڑ روپے سے زائدکااضافہ ریکارڈ کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے آخری روز کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا،ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 34690 پوائنٹس کی بلندسطح پر دیکھا گیاتاہم مارکیٹ کے اختتام پر447.99 پوائنٹس اضافے سے34475.69 پوائنٹس پربندہوا۔مجموعی طورپر403کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے238کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ، 149کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ16کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔دوسری جانب بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 23ڈالر کمی سے مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سوناسستاہوگیا۔آل کراچی صراف اینڈجیولرزایسوسی ایشن کے مطابق کراچی،حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 850روپے اور10گرام قیمت میں 746روپے کی کمی کے نتیجے میں فی تولہ سونے کی قیمت87450روپے سے گھٹ کر86600روپے اوردس گرام سونے کی قیمت74974روپے سے گھٹ کر74228روپے ہوگئی۔علاوہ ازیں انٹربینک مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قدر میں 9پیسے کااضافہ اور اوپن مارکیٹ میں 10پیسے کی مزید کمی ریکارڈ کی گئی۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قیمت خرید156.08روپے سے بڑھ کر156.17روپے اورقیمت فروخت156.18روپے سے بڑھ کر156.27روپے ہوگئی۔اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالرکی قیمت خرید155.90روپے سے گھٹ کر155.80روپے اورقیمت فروخت156.40روپے سے گھٹ کر156.30روپے ہوگئی۔
سٹاک مارکیٹ/سونا/ڈالر