بھارت کیساتھ ایٹمی جنگ ہوئی تو دنیا کانقشہ بدل جائیگا: سردار مسعود

بھارت کیساتھ ایٹمی جنگ ہوئی تو دنیا کانقشہ بدل جائیگا: سردار مسعود

مظفرآباد (این این آئی)آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے خبردار کیا ہے کہ لائن آف کنٹرول اور کشمیر کو تقسیم کرنے والی اس لکیر کے دوسری جانب امن و سلامتی کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال پاکستان اور بھارت کو ایٹمی جنگ کی طر ف لے جا سکتی ہے اور اگر یسا ہوا تو اس سے دنیا کا نقشہ بدل جائے گا۔ امریکی میگزین نیوز ویک کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے لائن آف کنٹرول اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی مجموعی صورتحال کو انتہائی سنگین اور دھماکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بھارت کی جانب سے کسی بھی فوجی مہم جوئی کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر رکھی ہیں اور ہماری فوج پوری طرح چوکس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے جارحانہ اور اشتعال انگیز اقدمات نے پورے خطہ کو جنگ کے دہانے پر لا کھڑ ا کر دیا ہے۔ ہم اس وقت حالت جنگ میں ہیں یہ صورتحال مذید بگڑنے کا اندیشہ ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان فوجی جھڑپ محدود نہیں رہے گی بلکہ یہ جوہری جنگ میں بدل سکتی ہے اور اگر ایسا ہوا تو یہ بین الاقوامی جوہری جنگ ہو گی جس سے خطہ کے تمام ممالک اور اس خطہ سے باہر پوری دنیا کسی نہ کسی انداز میں متاثر ہو گی۔ دہشت گردی کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ آزاد کشمیر اور پاکستان میں دہشت گردی کی کوئی فیکٹری نہیں ہے۔ پاکستان پورے عزم کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف لڑ ا ہے اور اس سلسلہ میں کامیابی حاصل کی ہے۔ اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی ترجمان مورگن اور ٹیگس کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے صدر آزا د کشمیر نے کہا کہ امریکی حکومت بھارتی حکومت کی طرف سے کشمیر کے مقامی سیاستدانوں کے ساتھ مذاکرات اور وعدے کے مطابق بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں جلد انتخابات کا انتظار کر رہی ہے۔ 

سردار مسعود خان

مزید : صفحہ آخر


loading...