ایڈمرل ظفر محمود کی آ سٹریلوی، برونائی اور فلپائنی بحری ہم منصبوں سے ملاقاتیں
اسلام آباد (آئی این پی)پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے آسٹریلیا میں منعقدہ سی پاور کانفرنس2019 میں شرکت کی۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق آسٹریلیا میں منعقدہ تین روزہ سی پاور کا نفرنس میں 80 سے زائد ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی، اس دوران امیرالبحر نے مختلف ممالک کی بحریہ کے سربراہان سے اہم گفتگو بھی کی۔یہ کانفرنس انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپوزیشن کے سلسلے کی ایک سرگرمی ہے۔پاک بحریہ کے ترجمان نے بتایا کہ کا نفرنس کے دوران ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے آ سٹریلیا، برونائی اور فلپائن کی بحریہ کے سربراہان سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔نیول چیف نے ملاقاتوں کے دوران عالمی بحری افواج پر مشتمل کمبائنڈ میری ٹائم فورسزمیں پاک بحریہ کے کردار اور پاک بحریہ کے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کے اقدام پر روشنی ڈالی۔سربراہ پاک بحریہ نے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور عالمی میری ٹائم سکیورٹی کے لیے کی جانے والی کوششوں میں پاکستان کے کردار کو اجاگر کیا۔
ایڈمرل ظفر محمود