افغانستان میں امن اور استحکام قائم کرنے کیلئے پاکستان کا کردار بہت اہم ہے: جنرل پیٹر یاس

افغانستان میں امن اور استحکام قائم کرنے کیلئے پاکستان کا کردار بہت اہم ہے: ...

واشنگٹن(اظہر زمان، بیوروچیف) امریکی جنرل ڈیوڈ پیٹریاس نے تسلیم کیا ہے کہ اگرچہ ماضی میں امریکہ کو پاکستان کے بارے میں بہت تحفظات رہے ہیں لیکن موجودہ وقت میں افغانستان میں امن اور استحکام کے قیام کیلئے پاکستان کا کردار بہت اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے یہ تبصرہ یہاں وائس آف امریکہ کی افغان سروس کو ایک تازہ انٹرویو میں کیا۔ جنرل پیٹریاس امریکی فوج اور سی آئی اے کے سربراہ رہنے کے باعث افغانستان کے بارے میں امریکی پالیسی تشکیل دینے میں شریک رہے ہیں۔ جنرل پیٹریاس نے انٹرویو میں مزید بتایا کہ 2009ء میں ایک وقت ایسا آیا جب پاکستانی افواج نے سوات اور خیبرپختونخواہ میں دہشت گردی کے خلاف آپریشن کئے لیکن شمالی وزیرستان میں اس سطح کی کارروائیاں نہیں ہوئیں۔ انہوں نے بتایا کہ افغاستان سے باہر سرحد پر دہشت گردوں کے ٹھکانے تھے۔ جنرل پیٹریاس نے الزام لگایا کہ افغان طالبان، حقانی نیٹ ورک، داعش اور دیگر دہشت گردوں کے یہ محفوظ ٹھکانے پاکستان نے فراہم کئے تھے۔ پاکستان میں موجود افغان طالبان کی قیادت کوئٹہ شوریٰ کی صورت میں کام کر رہی تھی جسے پاکستان کی تائید حاصل تھی۔ افغان امن عمل کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ طالبان کی کوشش ہے کہ امریکی افواج کسی طرح افغانستان سے نکل جائیں تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ امن سمجھوتے میں امریکی فوج کے انخلاء کے بعد خود طالبان کا کیا کردار ہو گا۔ کیا وہ انتخابات میں حصہ لیں گے یا وہ افغان حکومت میں شریک ہو سکتے ہیں۔ افغانستان کے اندر کی صورتحال کا جائزہ پیش کرتے ہوئے جنرل پیٹریاس نے بتایا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران طالبان داعش کو چھوڑ رہے ہیں لیکن وہ سمجھوتے کے مذاکرات کے دوران بھی عسکری کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر طالبان ہتھیار ڈالنے پر تیار ہوتے ہیں اور افغان معاشرے اور حکومت کا حصہ بنتے ہیں تو یہ ایک بہت بڑی کامیابی تصور ہوتی۔ انہوں نے سابق صدر اوبامہ کو کریڈٹ دیا کہ انہوں نے اپنی حکومت کے ختم ہونے سے پہلے افغانستان سے امریکی افواج کے انخلاء کا پروگرام شروع کیا۔ جنرل پیٹریاس نے مزید بتایا کہ امریکہ نے افغان عمل کے دوران پاکستان پر دباؤ ڈالا اور بات چیت کے کئی ادوار کئے۔ ایران کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ افغانستان کے جنوب مغربی علاقے میں چند طالبان کو مسلح کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ اس خطے میں روس کا کردار بھی انتہائی پیچیدہ رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چونکہ یہ خطہ انتہائی اہم ہے اس لئے وہ ذاتی طور پر امریکی فوج کے افغانستان سے مکمل انخلاء کے خلاف ہیں۔

 جنرل پیٹریاس

مزید : صفحہ اول


loading...