پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو پورا تحفظ دینگے: عثما ن بزدار
لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے چینی سرمایہ کاروں کی جانب سے ہاؤسنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری میں اظہار دلچسپی کا خیرمقد کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کریں گے، ہاؤسنگ کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جبکہ پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو پورا تحفظ دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان وزیراعلیٰ میں چین کے میشنگ انٹرنیشنل گروپ انویسٹمنٹ ہولڈنگ لمیٹڈ کے چیئرمین پروفیسر گوو رو نگ زونگ کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔چینی گروپ کے وفد کے سربراہ نے کہا کہ کم آمدن والے خاندانوں کیلئے کم لاگت کے گھر تعمیر کرنے کے شعبے میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں اورپنجاب میں کم لاگت کے 2 لاکھ گھر تعمیر کرنا چاہتے ہیں۔اس موقع پروزیراعلیٰ نے متعلقہ محکموں کے حکام کو ہدایت کی کہ چینی سرمایہ کاروں کی تجویز کا جائزہ لے کر حتمی سفارشات پیش کریں اورمتعلقہ امور جلد سے جلد طے کرکے تیز رفتاری سے مستقبل کا حتمی پلان تیار کیا جائے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے کہاکہ پنجاب حکومت نے ہائی رائز عمارتوں کی تعمیر کی اجازت دے دی گئی ہے اوراس اقدام سے ہاؤسنگ کے شعبہ میں معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔بعدازاں مختلف شہروں سے آئے لوگوں نے ایوان وزیراعلیٰ میں ملاقات کی،وزیراعلیٰ نے سائلین کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کی امیدوں اور توقعات پر پورا اترنے کیلئے صرف کام پر توجہ ہے اور شہریوں کے جائزکام ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جا رہے ہیں لہٰذا کسی کو تبدیلی کے ایجنڈے کی راہ میں حائل نہیں ہونے دیں گے۔سردار عثمان بزدار نے کہا کہ سابق ادوار کی غلط پالیسیوں کے باعث عوام کے مسائل بڑھے اور مخصوص طبقہ امیر ہوتا گیا اور عام آدمی غریب جبکہ ہم باتیں نہیں کام کر کے دکھاتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت پاکستان کی 70 برس کی خرابیوں کو ٹھیک کر رہی ہے۔ اب شفاف قیادت اور شفاف حکومت ہے اور انشاء اللہ عوام کی امیدیں پوری کریں گے۔
سردار عثمان بزدار
.