ایل این جی کیس، شاہد خاقان اور مفتاح اسماعیل کے جوڈیشل ریمانڈ میں 28اکتوبر تک توسیع

  ایل این جی کیس، شاہد خاقان اور مفتاح اسماعیل کے جوڈیشل ریمانڈ میں 28اکتوبر ...

اسلام آباد(آئی این پی،مانیٹرنگ ڈیسک) احتساب عدالت نے ایل این جی کیس میں شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل اور شیخ عمران الحق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 28اکتوبر تک توسیع کر دی۔ایل این جی کیس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور سابق ایم ڈی پی ایس او شیخ عمران الحق کو اڈیالہ جیل سے احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا گیا۔دوران سماعت شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جیل میں ساتھیوں اور وکلا سے ملنے نہیں دیا جا رہا، اکٹھے بیٹھنے تک دفاع کیسے کریں گے، پوری مشینری استعمال ہو رہی ہے، عدالتی احکامات نہیں مانے جا رہے، حکومت کوبہت شوق ہے تو پہلے رہا کرے پھر دوبارہ گرفتار کرلے۔سابق وزیراعظم نے استدعا کی کہ جیل میں ملزمان کی آپس میں ملاقات، وکلا سے مشاورت اور دفاع کیلئے لیپ ٹاپ استعمال کرنے کی اجازت دی جائے۔شاہد خاقان عباسی نے مؤقف اپنایا کہ ڈیڑھ سال سے کیس چل رہا ہے، نیب ابھی تک کوئی ریفرنس نہیں بنا سکا، نیب کو سمجھ نہیں آ رہا کہ کیا کیس بنایا جائے۔جج محمد بشیر نے ریمارکس دیئے کہ جیل حکام سے پوچھیں گے کہ ملزمان کی جیل میں ملاقات کیسے ممکن ہو سکتی ہے۔جج نے شاہد خاقان عباسی سے استفسار کیا کہ کیا آپ سب کے وکیل مشترکہ نہیں ہو سکتے؟ جس پر شاہد خاقان نے کہا اس کیس میں ہم سب کا الگ الگ وکیل ہے۔مفتاح اسماعیل کے وکیل نے کہا کہ ان کے مؤکل کو جیل میں پرہیزی خوراک بھی نہیں دی جا رہی، ملزمان کو اہل خانہ سے ٹیلی فون پر بات کرنے کی اجازت بھی دی جائے۔جج نے ریمارکس دیئے کہ اگر جیل مینوئل میں لکھا ہے تو میں تب ہی اجازت دوں گا۔شاہد خاقان نے کہا کہ میرا میڈیکل بورڈ بنایا گیا لیکن رپورٹ نہیں دی گئی، عدالت میری میڈیکل رپورٹ منگوائے۔بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ صرف گرفتاریاں ہی گرفتاریاں ہیں، ثابت کیا ہو رہا ہے؟ آج تک کرپشن کا کوئی چارج نہ نواز شریف پر ہے نہ ہمارے اوپر ہے۔انہوں نے کہا کہ 22 گریڈ کے ریٹائرڈ افسروں کو دھمکیاں دے کر وعدہ معاف گواہ بنایا جا رہا ہے، یہ کیس کبھی اس طرح چلے ہیں اور نہ تاریخ ان کو معاف کرے گی۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم یہ سب برداشت کر لیں گے لیکن شائد یہ حکومت برداشت نہ کر سکے۔ایک سوال کے جواب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہمارے خلاف ریفرنس دائر ضرور ہو گا کیونکہ یہ حکومت نے بنانا ہے، ڈیڑھ سال سے کاغذ بھرے جا رہے ہیں۔جے یو آئی ف کے آزادی مارچ کے حوالے سے سابق وزیراعظم نے کہا کہ آزادی مارچ ہی سب سے بڑی کامیابی ہے حکومت تو ناکام ہو چکی ہے۔

مزید : صفحہ اول


loading...