”سلیکٹڈ نالائق“ کے جانے کا وقت آگیا، مسلم لیگ (ن)، آزادی مارچ سے متعلق حکمت عملی کا اعلان آج ہوگا
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نوازشریف نے کہہ دیا ہے کہ ان کا سر صرف اللہ تعالی کے سامنے جھکے گا، نواز شریف ایک خودار آدمی ہے اور اللہ نے انکو عزت دی ہے جو کوئی ان سے نہیں چھین سکتا،چھوٹی ذہنیت نے دوبارہ گرفتار کرکے تضحیک کرنے کی کوشش کی،چھوٹی ذہنیت والوں کو پتہ چل گیا کہ عزت وذلت اللہ تعالی کے ہاتھ میں ہے۔انہوں نے کہا نوازشریف آج بھی وزیراعظم ہے،نااہل، نالائق اور سلیکٹڈ سمجھتا ہے کہ چھوٹی ذہنیت سے نواز شریف کو اپنے سامنے جھکا لے گا،عوام کے ووٹ کے حق کی خاطر نوازشریف جیل میں رہنا پسند کرے گا،نااہل سلیکٹڈ پانچ سو دفعہ نوازشریف کو گرفتار کرکے اپنا وژن پورا کرے گا،نالائق کے جانے کا وقت آگیا، ملک میں صاف، شفاف اور آزادانہ انتخابات ہوں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا انشااللہ مسلم لیگ (ن)ایک بار پھر اقتدار میں آئے گی، عوام کی ترجمانی کرے گی، پاکستان مسلم لیگ (ن)آزادی مارچ کیلئے اپنی حکمت عملی کا اعلان (آج) کرے گی،نااہل اور نالائق سلیکٹڈ جب سے ملک پر مسلط ہوا، عوام پر ظلم ہورہا ہے سلیکٹد وزیراعظم عوام کی ترجمانی نہیں کرتا،مریم نوازشریف، حمزہ شہباز کو بھی اسی مقدمے میں جیل میں قید کیاگیا ہے، عمران صاحب کے اے ٹی ایم جہانگیر ترین کو فائد دینے کیلئے تین سال سے چوہدری شوگرملز بند ہے،بند شوگرملز کے نام پر جیل میں قید تین مرتبہ کے منتخب وزیراعظم پر نیا مقدمہ بنایاگیا۔احسن اقبال نے ردعمل دیتے ہوئے کہا نواز شریف پر نیا مقدمہ درج کرانا انتقامی کارروائی ہے، ن لیگ چٹان کی طرح ڈٹی ہوئی ہے، حوصلوں میں کمی نہیں آئیگی۔مریم اورنگزیب نے نواز شریف اور شہبازشریف میں اختلاف کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے کہا نواز شریف کہہ چکے ہیں کہ وہ ساری دنیا چھوڑ سکتے ہیں، بھائی کو نہیں۔کیپٹن (ر)صفدر نے کہا ہے کہ دھرنے سے متعلق حکمت عملی بارے نواز شریف نے حسین نواز کو آگاہ کر دیا، حسین نواز فضل الرحمن کو نواز شریف کا پیغام پہنچائیں گے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صفدر نے کہا نئے کیس کا مقصد نواز شریف اور فضل الرحمن میں رابطہ ختم کرنا ہے۔دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے پارٹی کے مرکزی رہنماؤں کا اجلاس آج(ہفتہ) کے روز ماڈل ٹاؤن میں طلب کر لیا۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف رہنماؤں کوپارٹی قائد محمد نواز شریف کی جانب بھجوائے گئے خط کے مندرجات سے آگاہ کرینگے او راس کے تناظر میں آزادی مارچ کی تیاریوں کیلئے حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔
مسلم لیگ (ن)