قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کل سے فیصل آباد میں شروع، فاتح ٹیم کیلئے 50لاکھ کا انعام

  قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کل سے فیصل آباد میں شروع، فاتح ٹیم کیلئے 50لاکھ کا انعام

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


فیصل آباد(آئی این پی)پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)کے زیر اہتمام ٹی ٹوئنٹی کپ (کل)اتوارسے فیصل آباد میں شروع ہو گا۔ٹی ٹوئنٹی کپ 24اکتوبر تک جاری رہے گا،ٹی ٹوئنٹی کپ میں قومی کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔ سینٹرل پنجاب،سدرن پنجاب،سندھ،خیبر پختونخوا، بلوچستان اورناردرن کی ٹیمیں شرکت کرینگی،تمام ٹیموں کا اعلان کر دیا گیا ہے،ابتدائی روز 2میچز کھیلے جائیں گے، پہلے میچ میں بلوچستان اور خیبر پختونخوا جبکہ دوسرے میچ میں سنٹرل پنجاب اور سندھ کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔ ٹورنامنٹ میں فائنل سمیت18میچز کھیلے جائیں گے۔ ٹی ٹوئنٹی کپ کا فائنل24اکتوبر کو کھیلا جائیگا۔تفصیلات کے مطابق قومی ٹی ٹونٹی کپ 13سے 24اکتوبر تک اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں جاری رہے گا۔ ایونٹ میں 6کرکٹ ایسوسی ایشنز کی ٹیمیں سنگل لیگ کی بنیاد پر مدمقابل آئیں گی۔ایونٹ کی 4 بہترین ٹیموں کے درمیان سیمی فائنل میچز 23اکتوبر کو ہوں گے۔ قومی ٹی ٹونٹی کپ کا فائنل میچ 24اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ خیبرپختونخوا ٹیم کی قیادت محمد رضوان،بلوچستان کی ٹیم کی قیادت حارث سہیل،سندھ کی ٹیم کی قیادت سرفراز احمد،سنٹرل پنجاب ٹیم کی قیادت بابر اعظم، ناردرن ٹیم کی قیادت عماد وسیم،سدرن پنجاب کی ٹیم کی قیادت شان مسعود کریں گے۔دوسری جانب پی سی بی نے قومی ٹی ٹونٹی کپ میں شریک کھلاڑیوں کی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ کردیا ہے،ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 50لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی،رنرزاپ ٹیم 25لاکھ روپے کی انعامی رقم وصول کرے گی۔ایونٹ کے بہترین بیٹسمین، بالر اور وکٹ کیپر کو 1،1لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔قومی ٹی ٹونٹی کپ کا بہترین کھلاڑی بھی ایک لاکھ روپے کی انعامی رقم وصول کرے گا۔پلیئر آف دی فائنل کو 35ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔ایونٹ کے دوران مین آف دی میچ کے لیے 25ہزار روپے بطور انعام دیا جائیگا۔ پلیئنگ الیون میں شامل کھلاڑی 40ہزار روپے بطور میچ فیس وصول کریں گے۔نان پلیئنگ الیون میں شامل کھلاڑی 16ہزار روپے بطور میچ فیس وصول کریں گے۔