غیر معیاری بیج فروخت کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کی جائے،کمشنر ساہیوال

غیر معیاری بیج فروخت کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کی جائے،کمشنر ساہیوال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (خصوصی رپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن ندیم الرحمن نے کہا ہے کہ زراعت کا حصہ ملک کی معیشت میں سب سے زیادہ ہے اور ملک کی 80فیصد آبادی کا ذریعہ معاش بھی زراعت سے منسلک ہے،کسانوں کے مسائل حل کرنے اور انہیں سہولیات فراہم کر کے زرعی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے جس سے ملک اور زمینداردونوں خوشحال ہونگے -صوبائی حکومت کسانوں کو معیاری بیج اور کھاد کے عدم دستیابی اور مارکیٹ کمیٹیوں سے متعلقہ مسائل کو سنجیدگی سے حل کر رہی ہے تا کہ کسان زیادہ محنت سے کاشتکاری کر سکیں -انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں کسان اتحاد اور کسان بورڈ کے نمائندوں کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں آر پی او ہمایو ں بشیر تارڑ،ڈپٹی کمشنرز ساہیوال محمد زمان وٹو اور پاکپتن احمد کمال مان،اے ڈی سی ریونیواوکاڑہ خرم شہزاد اور ڈائریکٹر زراعت محمد فاروق جاوید کے علاوہ محکمہ سیڈ سرٹیفیکیشن،سیڈ کارپوریشن،بیج فروخت کرنے والی کمپنیوں کے نمائندگان اور دوسرے متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی -انہوں نے غیر معیاری بیج کی فروخت سے متعلق کسانوں کی شکایات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے تینوں اضلاع میں کمیٹیاں قائم کرنے کی ہدایت کی جو غیر معیاری بیج فروخت کرنے والوں کے خلاف مشترکہ کارروائی کریں گی -انہوں نے مارکیٹ کمیٹیوں سے متعلقہ مسائل حل کرنے کے لئے بھی تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ بولی کے دوران اسسٹنٹ کمشنرز کی طرف سے مانیٹرنگ کو یقینی بنایاجائے تا کہ زمینداروں کے استحصال کا خاتمہ ہو -اجلاس میں کسان بورڈ کے مرکزی سینئر نائب صدر میاں فاروق احمد نے بتایا کہ کسانوں کا سب سے بڑی مسئلہ غیر معیاری بیج کی فروخت ہے جس سے نہ صرف کسانوں کو مالی نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ پیداوار میں کمی کی وجہ سے ملک قیمتی زر مبادلہ سے در آمدات کرنے پر مجبور ہے جس کے تدارک کے لئے ضروری ہے کہ کسانوں کو معیاری بیج اور کھاد کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور کسان دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے -ڈائریکٹر زراعت محمد فاروق جاوید نے بتایا کہ ساہیوال ڈویڑن میں 3700ایکٹر پر کینولا اور 30ہزار ایکٹر پر آئل سیڈ کاشت کی جاتی ہے،کینولا کے لئے ملٹی نیشنل کمپنیوں کا بیج دستیاب نہیں صرف پنجاب سیڈ کارپوریشن کا دیسی بیج فروخت ہو رہا ہے جس سے پیداوار کم آتی ہے -کسان تنظیموں کے نمائندوں نے الزام لگایا کہ دوکاندار ہائبرڈ بیج کے نام سے دیسی بیج فروخت کر رہے ہیں جس سے کسانوں کو شدید مالی نقصان پہنچ رہا ہے -کمشنر ندیم الرحمن نے یقین دلایا کہ کسانوں کو در پیش مشکلات کو صوبائی اور وفاقی حکومت کے نوٹس میں بھی لایا جائے گا تاکہ مسائل حل ہو سکیں -
کمشنر ساہیوال