بنگلہ دیش کیخلاف سیریز‘ قومی ویمن ٹیم کا تربیتی کیمپ کل شروع ہوگا

بنگلہ دیش کیخلاف سیریز‘ قومی ویمن ٹیم کا تربیتی کیمپ کل شروع ہوگا

لاہور(سپورٹس رپورٹر)بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کی تیاریوں کے لیے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ 13 سے 23 اکتوبر تک لاہور کنٹری کلب، مریدکے میں جاری رہے گا۔کیمپ کا مقصد بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں قومی خواتین کھلاڑیوں کی کارکردگی میں نکھار لانا ہے۔ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی اپنے ہوم گراؤنڈ میں رواں سال کے دوران دوسری سیریز ہوگی۔ اس سے قبل پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کراچی میں کھیلی جاچکی ہے۔پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان 3 ٹی ٹونٹی اور 2 ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 26 اکتوبر سے ہوگا۔ سیریز کے تمام میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے کیمپ میں شریک کھلاڑیوں کے ناموں کو حتمی شکل دی۔عروج ممتاز کی سربراہی میں کام کرنے والی 3 رکنی کمیٹی میں مرینہ اقبال اور اسماویہ اقبال بھی شامل ہیں۔چیف سلیکٹر قومی خواتین کرکٹ عروج ممتاز کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ میں سیریز اور ایبٹ آباد میں کنڈیشنگ کیمپ کے بعد سلیکشن کمیٹی نے لاہور میں قومی سہہ فریقی خواتین چیمپئن شپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا بغور جائزہ لیا۔ چیف سلیکٹر کا کہنا ہیکہ انہوں نے کیمپ اور ٹورنامنٹ کے دوران کئی باصلاحیت خواتین کرکٹرز کی نشاندہی کی ہے۔عروج ممتاز نے کہا کہ قومی خواتین کرکٹ کی سلیکشن کمیٹی بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں نئی، باصلاحیت اور پرجوش خواتین کھلاڑیوں کو موقع دینے کی خواہشمند ہے۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ویمن ٹی ٹونٹی ورلڈکپ سے قبل انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کھیلنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی میگا ایونٹ سے قبل ان 2سیریز میں بھی نئی کھلاڑیوں کو موقع دے کر میگا ایونٹ کے لیے بہترین ٹیم بنانے کی خواہشمند ہے۔عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ ظفر، ناہیدہ خان، بسمعہ معروف، ڈیانا بیگ، فریحہ محمود، ارم جاوید، جویریہ خان، کائنات امتیاز، عمیمہ سہیل، صباء نذیر، سعدیہ اقبال، ثناء میر، سدرہ امین اور سدرہ نواز۔علاوہ ازیں سری لنکا سے واپسی پر قومی ایمرجنگ خواتین کرکٹرز بھی سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گی۔

ٹیم آفیشلزاقبال امام (عبوری ہیڈ کوچ)، جمال حسین (ٹرینر)، عائشہ جلیل (منیجر)، ڈاکٹر رفعت گل(فزیو) اور زبیر احمد(اینالسٹ)۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...