اثاثہ جات کیس، خورشیدشاہ کی این آئی سی وی ڈی ہسپتال منتقلی کی استدعا مسترد
سکھر (ڈیلی پاکستان آن لائن)احتساب عدالت میں اثاثہ جات ریفرنس میں گرفتار رکن قومی اسمبلی خورشیدشاہ کی طبی سہولتوں سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے خورشیدشاہ کی این آئی سی وی ڈی ہسپتال منتقلی کی استدعا مسترد کردی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق احتساب عدالت میں خورشیدشاہ کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت ہوئی،خورشیدشاہ کی طبی سہولتوں سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی،درخواستگزار کے وکلا نے کہا کہ خورشید شاہ کو طبی سہولتیں نہیں دی جا رہیں،خورشیدشاہ کی طبیعت ناسازہے وقت پر ادویات نہیں دی جا رہی ،خورشیدشاہ کو چیک اپ کیلئے ہسپتال منتقل کیا جائے۔
وکیل نیب نے کہا کہ خورشیدشاہ کو معمول کے مطابق ادویات دی جا رہی ہیں،بلڈپریشر ہائی ہونے پر ڈاکٹرراج کمار نے ان کاطبی معائنہ کیا تھا،ڈاکٹر نے خورشیدشاہ کو ہائی بلڈپریشرپرڈوس بڑھانے کی ہدایت کی ہے،نیب وکیل نے کہا کہ خورشیدشاہ کے علاج کیلئے ڈاکٹروںکی دو رکنی ٹیم 24 گھنٹے موجود ہے ،عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد خورشید شاہ کی این آئی سی وی ڈی ہسپتال منتقلی کی استدعا مسترد کردی،جج احتساب عدالت نے کہا کہ نیب قانون کے مطابق خورشیدشاہ کو طبی سہولتیں فراہم کرے ،عدالت نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر این آئی سی وی ڈی یا کسی دوسرے ہسپتال منتقل کیا جائے۔