سری لنکن احسان فراموش نکلے، وطن واپس پہنچتے ہی ایسا ناقابل یقین بیان جاری کر دیا کہ پاکستانی حیرت زدہ رہ گئے، جان کر آپ بھی غصے میں آ جائیں
کولمبو (ڈیلی پاکستان آن لائن) وطن واپس پہنچتے ہی آئی لینڈرز نے آنکھیں پھیر لیں جس کے باعث ٹیسٹ سیریز کیلئے پاکستان آمد پر بھی شک و شبہات پیدا ہو گئے ہیں۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر شامی سلوا کا کہنا ہے کہ ٹیم دورہ پاکستان کے دوران ہوٹل میں مقید رہی اور آزادانہ گھومنے پھرنے کا کوئی موقع نہیں تھا۔
تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد پاکستان کا دورہ کرنے والے سری لنکن ٹیم کی پاکستان میں بڑی پذیرائی ہوئی، ون ڈے سیریز 0-2سے ہارنے کے بعد ٹی 20 میں کلین سویپ کرنے والی مہمان ٹیم کا قدم قدم پر پی سی بی حکام اور عوام نے شکریہ ادا کیا، ٹور مکمل ہونے پر میزبان کرکٹرز نے مہمانوں کو گلے لگاکررخصت کیا تاہم وطن واپس پہنچ کر آئی لینڈرز کا لب و لہجہ ہی تبدیل ہوگیا ہے۔
نجی خبر رساں ادارے ’ایکسپریس نیوز‘ کے مطابق سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر شامی سلوا نے مقامی میڈیا سے گفتگو میں کہاکہ ٹیم اپنے ٹور کے دوران ہوٹل میں مقید رہی، آزادنہ گھومنے پھرنے کا کوئی موقع نہیں تھا۔ پاکستان میں میچز کے دوران کھلاڑی اپنے بیوی بچوں کے بغیر رہے، میں خود بھی 3،4 روز تک کرکٹرز کے ساتھ رہا اور اکتاہٹ کا شکار ہوگیا،ان حالات کے باوجود پلیئرز ایک ٹیم کے طور پر کھیلے اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیسٹ میچز کھیلنے سے قبل کھلاڑیوں اور معاون سٹاف سے بات کرنا ہوگی، یہ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے اہم میچ ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ ٹیم اچھی کارکردگی پیش کرے تاہم سخت سیکیورٹی کے ماحول میں فیملیز کے بغیر رہنے والے کھلاڑیوں کی پرفارمنس متاثر ہوسکتی ہے،ٹیسٹ سیریز کیلئے جانے سے قبل ازسر نو جائزہ لیں گے۔