"نواز شریف کے خط کے مندرجات مولانا فضل الرحمان سے . . ." مسلم لیگ ن نے بڑا فیصلہ کرلیا

"نواز شریف کے خط کے مندرجات مولانا فضل الرحمان سے . . ." مسلم لیگ ن نے بڑا فیصلہ ...

  


لاہور (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے مشاورتی اجلاس میں آزادی مارچ سے متعلق حکمت عملی پر غور کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ نواز شریف کے خط کے مندرجات مولانا فضل الرحمان سے شیئر کیے جائیں گے،نواز شریف کا خط لے کر مسلم لیگ ن کا وفد مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کرے گا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ نواز شریف نے اپنے خط میں پارٹی کیلئے مکمل گائیڈ لائنز لکھی ہیں، حکومت سے نجات کیلئے بھرپور مہم چلانے کا کہا ہے۔احسن اقبال نے بتایا کہ اجلاس میں شہباز شریف نے میاں نواز شریف کے خط کے مندرجات پڑھ کر سنائے،خط میں کہا گیا ہے کہ پارٹی وفد فوری طور پر مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کرے جس کے بعد اب ایک پارٹی وفد فوری طور پر مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کرے گا۔

احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے ملکی معاشی صورتحال کا بیڑہ غرق کردیا، آج بدقسمتی سے پاکستانی کی معیشت ایک خیراتی معیشت بنا دی گئی ہے، ڈینگی کے خاتمے کیلئے جو شہباز شریف کا ماڈل تھا وہ ختم کر دیا گیا۔ن لیگ کے رہنما نے کہا کہ کنٹرول لائن پر گولیاں چل رہی ہیں لیکن وزیراعظم سعودی عرب اور ایران کی صلح کروانے جا رہے ہیں۔احسن اقبال نے بتایا کہ نواز شریف نے حکومت سے نجات حاصل کرنے کیلئے لائحہ عمل طے کرنے کا کہا ہے، کل پارٹی کا ایک وفد مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کیلئے جائے گا۔

انہوں نے پارٹی قیادت میں اختلافات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کارکن اور قائدین سب کو نواز شریف کی ذات پر مکمل اعتماد ہے، آزادی مارچ کی قیادت مولانا فضل الرحمان نے کرنی ہے، مسلم لیگ ن سمیت دیگر تمام جماعتیں اپنے اپنے پروگرام کے مطابق شرکت کریں گی۔احسن اقبال نے کہا کہ آزادی مارچ میں شرکت کے حوالے سے قائد میاں نواز شریف کی ہدایت پر من و عن عمل کریں گے۔

مزید : قومی /سیاست


loading...