حکومت کوابھی آدھی بات بتائی ، پور ی کاپتہ صدمے کی صورت میں لگے گا ، ڈاکٹر مصدق ملک
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کے رہنما ڈاکٹر مصدق ملک نے کہاہے کہ اپوزیشن میں پہلے دن سے یہ طے ہوا تھا کہ متفقہ طور پر تمام اپوزیشن جماعتیں مل کر لائحہ عمل طے کریں گی ، ابھی ہم نے پوری بات بتائی نہیں ہے ، ابھی آدھی بات بتائی ہے ، باقی بات کا پتہ حکومت کو صدمے کی صورت میں لگے گا ۔
جیونیوز کے پروگرام ”جرگہ “میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ پہلے لوگوں کا ووٹ چوری ہوا تھا اور اب لوگوں کا روز گار چوری ہوگیاہے اور ان کے بچوں کی فیس پوری نہیں ہورہی ہے ، اس لئے ہم نے فیصلہ کیاہے کہ حکومت کے خلاف احتجاج کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا جہا ز اب ڈوبنے والاہے ، اس لئے فواد چودھری اس کوچھوڑ کر ہماری طرف آجائیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ حکومت فیل ہوچکی ہے اور خارجہ پالیسی پر حکومت کو بڑی ناکامی ہوئی ہے کہ یہ اقوام متحدہ میں ایک قرار داد نہیں جمع کرواسکے ۔ان کا کہنا تھا کہ پہلے دن سے یہ طے ہوا تھا کہ متفقہ طور پر تمام اپوزیشن جماعتیں مل کر لائحہ عمل طے کریں گی ، ابھی ہم نے پوری بات نہیں بتائی ہے ، ابھی آدھی بات بتائی ہے ، باقی بات کا پتہ حکومت کو صدمے کی صورت میں لگے گا ۔اس وقت اپوزیشن کی تمام جماعتیں طریقہ کارطے کررہی ہیں کہ ایک مہذب طریقے سے مارچ اور دھرنا دیا جائے ۔