جعلی اے ایس پی بن کر تھانوں کے دورے کرنے والا ملزم گرفتار
لاہور(کرائم رپورٹر)صوبائی دارالحکومت کے مختلف تھانوں میں جعلی زیر ترتیت اے ایس پی بن کر ملزمان کو چھڑانے والے ملزم کو انچارج انویسٹی گیشن ہنجروال سید قمر عباس نے گرفتار کرکے مقدمہ درج کروا دیا ذرائع معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ ملزم متعدد ایس ایچ اوز کے ساتھ تصاویر بھی بنوا چکا ہے اور وہ تصاویر دکھا کر تفتیشی افسران کو متاثر کرتا اور ملزمان کو چھڑانے کی کوشش کرتا اور کئی بار وہ کامیاب بھی ہو چکا ہے. تفصیلات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں قائم تھانوں میں زیر تربیت اے ایس پی بن کر دورہ کرنے والا ملزم حمزہ سلیم تھانہ ہنجروال انویسٹی گیشن ونگ کے اے ایس آئی کے پاس پہنچا جہاں اس نے خود کو زیر تربیت اے ایس پی ظاہر کیا اور بات چیت شروع کر دی بعد میں فراڈ کے ایک مقدمہ کے ملزم کی سفارش کرنا شروع کر دی اس دوران انچارج انویسٹی گیشن ہنجروال سید قمر عباس نے جعلی اے ایس پی حمزہ کو اپنے پاس بلوایا اور چند محکمانہ سوالات کئے جس جواب دینے میں ملزم ناکام رہا. انویسٹی گیشن ہنجروال سید قمر عباس نے فوری طور پر جعلی اے ایس پی بن کر تھانوں میں دورے کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا. ہنجروال پولیس نے انچارج انویسٹی گیشن ہنجروال سید قمر عباس کی مدعیت میں ملزم کے خلاف زیر دفعہ 170 171 کے تحت مقدمہ درج کر لیا. انچارج انویسٹی گیشن ہنجروال سید قمر عباس کے مطابق ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے ملزم کے موبائل فون میں موجود تصاویر قبضہ میں لی گئی ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے ملزم کی گرفتاری پر انچارج انویسٹی گیشن ہنجروال سید قمر عباس کو شاباش دی ہے۔