نااہل سلیکٹڈ حکومت ملک پر بوجھ،پی ڈی ایم کے ذریعے خاتمہ کرینگے:بلاول

 نااہل سلیکٹڈ حکومت ملک پر بوجھ،پی ڈی ایم کے ذریعے خاتمہ کرینگے:بلاول

  

  کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نااہل سلیکٹڈ حکومت ملک اور عوام پر بوجھ بن چکی ہے، پی ڈی ایم کے ذریعے نااہل حکومت کا خاتمہ کریں گے۔وہ بلاول ہاؤس میں کراچی کو آرڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس کے شرکا سے گفتگو کررہے تھے۔ اجلاس میں حکومت مخالف تحریک کے ضمن میں شہر قائد میں سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تحریک انصاف کی عوام میں جڑیں نہیں ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کی حکومت میرٹ کی دھجیاں اڑا رہی ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ چوری کے ووٹوں سے بنائی گئی حکومت زبردستی عوام پر مسلط کی گئی، 18 اکتوبر کو یوم شہدائے کارساز کے موقع پر ہونے والا پی ڈی ایم کا جلسہ عوامی ریفرنڈم ثابت ہوگا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ اپنی بچیوں کے مستقبل پر سرمایہ کاری کرنے والی اقوام اپنی دور کیلئے قابلِ فخر ہیں،فاطمہ جناح اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنے دور کے بدترین فوجی آمروں کے خلاف قوم کی قیادت کی، دورہنما پاکستانی لڑکیوں کی رول ماڈل ہیں۔ اتوار کو بچیوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ اپنی بچیوں کے مستقبل پر سرمایہ کاری کرنے والی اقوام اپنی دور کیلئے قابلِ فخر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایسی اقوام پرامن، بقائے باہمی و ترقی پسند معاشروں کی بنیاد کو مظبوط بنانے کا باعث ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ مذکورہ قومیں محدود وسائل رکھنے والے ممالک کے لیئے بھی حوصلہ بڑھا رہی ہیں،فاطمہ جناح اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو پاکستانی لڑکیوں کی رول ماڈل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ فاطمہ جناح اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنے دور کے بدترین فوجی آمروں کے خلاف قوم کی قیادت کی۔ 

پیغام 

مزید :

صفحہ اول -