غیر ملکی کرنسی کاؤنٹ ہولڈرز کیلئے اجازت سے متعلق تبدیلی نہیں کی گئی:سٹیٹ بینک

غیر ملکی کرنسی کاؤنٹ ہولڈرز کیلئے اجازت سے متعلق تبدیلی نہیں کی گئی:سٹیٹ ...

  

 کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)سٹیٹ بینک آف پاکستان نے غیر ملکی کرنسی اکاؤنٹس رولز پر وضاحت جاری کردی۔مرکزی بینک کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے گز شتہ ہفتے تحفظ اکنامک ایکٹ 1992ء کے تحت رولز جاری کیے، ان رولزکے تحت غیرملکی کرنسی اکاؤنٹ رکھنے والوں کوسٹیٹ بینک سے عمومی یا خصوصی اجازت لینے کیلئے کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ غیرملکی اکاؤنٹ میں بیرون ملک سے آنیوالی ترسیلات یا پاکستان سے باہر جاری کیے جانیوالے ٹریول چیک سے حاصل رقوم جمع کروائی جاسکتی ہیں۔اعلامیہ کے مطا بق غیرملکی اکاؤنٹس میں حکومت پاکستان کی طرف سے جاری کردہ سیکورٹیز کو کیش کروا کر حاصل کردہ رقم بھی جمع کروائی جاسکتی ہے، انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والے پاکستانی اپنے اکاؤنٹ میں غیرملکی کرنسی اکاؤنٹ آپریٹ کرسکتے ہیں۔سٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ حالیہ جاری کردہ رولز کا مقصد غیرملکی اکاؤنٹس رکھنے والوں کو ریگولیٹری فریم ورک مہیا کرنا ہے۔ ان رولز کا مقصد سٹیٹ بینک کی طرف سے غیرملکی زر مبادلہ رجیم کو مستحکم کرنا ہے،سٹیٹ بینک بینکنگ چینل کے ذریعے تمام افراد کو ضرورت کے تحت غیرملکی کرنسی مہیا کرنے کی سہولت جاری رکھے گا۔خیال رہے گزشتہ روز منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئے وزارت خزانہ نے غیر ملکی کرنسی اکاؤنٹس میں بیرون ممالک سے ترسیلات جمع کرانے کیلئے طریقہ کار جاری کیا تھا۔

مزید :

صفحہ اول -