افغانستان،سڑک کنارے بم دھماکہ،10فوجیوں سمیت 13افراد جاں بحق
کابل،لشکر گاہ (این این آئی، آئی این پی، شِنہوا) افغان صوبے سرائے پل میں سڑک کنارے بم پھٹنے سے 10 فوجی اہلکاروں سمیت 13 افراد ہلاک ہوگئے افغان میڈیا کے مطابق صوبے سرائے پل میں سڑک کنارے بم پھٹنے کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے، واقعہ کے بعد افغان سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر دھماکے کی جگہ سے شواہد اکٹھے کرنا شروع کردئیے جبکہ زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا، افغان میڈیا کا کہنا تھا دھماکے میں ہلاک افراد میں 10 فوجی اہلکار بھی شامل ہیں جبکہ ابھی تک طالبان سمیت کسی بھی گروپ کی جانب سے ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔ دوسری جانب وزارت دفاع کے مطابق بغلان میں بارودی سرنگ برآمد ہوئی جس کو دھماکے سے اڑادیا گیا ہے۔ دوسری جانب جنوبی صوبہ ہلمند میں حکومتی فورسز نے لڑاکا طیاروں کی مدد سے طالبان کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 26 عسکریت پسندوں کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔یہ با ت صوبائی حکومت کے ایک بیان میں کہی گئی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ لڑاکا طیاروں کی مدد سے یہ آپریشن ہفتے کی شب شورش زدہ ضلع نہر سراج کو ناد علی سے جوڑنے والی ایک سڑک پر شروع کیا گیا تھا جس میں 26 طالبان باغی ہلاک اور 4 مزید زخمی ہوئے تھے۔
بم دھماکہ