پنجاب کے تعلیمی اداروں میں موسم  سرما کی تعطیلات نہ کرنے کا اعلان

پنجاب کے تعلیمی اداروں میں موسم  سرما کی تعطیلات نہ کرنے کا اعلان

  

لاہور(آئی این پی)پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس نے اعلان کیا ہے کہ رواں برس کورونا وائرس وبا کی وجہ سے پہلے ہی تعلیم کا خاصہ نقصان ہوچکا ہے اس لیے صوبے کے سکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات نہیں ہوں گی، وزیر تعلیم مراد راس قائداعظم اکیڈمی فار ایجوکیشنل ڈویلپمنٹ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے مراد راس نے کہا کہ تعلیمی ادارے 6 ماہ کی بندش کے بعد 15 ستمبر سے مرحلہ وار کھولے گئے تھے اور فیصلہ کیا گیا کہ رواں برس اسموگ کی وجہ سے تعطیلات نہیں ہوں گی انہوں نے بتایا کہ 'اساتذہ کے ساتھ تفصیلی بات چیت کے بعد حکومت نے انصاف اکیڈمیز متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے جہاں بہترین اساتذہ نویں سے 12ویں جماعت تک کے طلبہ کو 5 مضامین میں لیکچرز دیں گے۔انہوں نے کہا کہ طلبہ کلاسز لیتے ہوئے مقرر وقت میں کرنے والے آن لائن ٹیسٹ بھی دیں گے جبکہ والدین بھی اپنے بچوں کی کارکردگی دیکھ سکیں گے۔وزیر تعلیم کا مزید کہنا تھا کہ انصاف اکیڈمیز کا مواد اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی ویب سائٹ پر میسر ہوگا اور طلبہ وہاں لاگ اِن ہو کر کسی بھی مضمون سے متعلق لیکچرز اور معلومات حاصل کرسکیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سرکاری اساتذہ پر نجی اکیڈمیز قائم کرنے یا اس میں شمولیت اختیار کرنے پر پابندی لگانے کا سوچ رہی ہے۔انہوں نے اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کو اسکولوں کے باہر بینر آویزاں کرنے کی بھی ہدایت کی جن پر جلی حروف میں لکھا ہوا تھا کہ بغیر ماسک کے داخل نہیں ہوسکتے۔

موسم سرما تعطیلات

مزید :

صفحہ آخر -