معاشی دہشتگردوں کو بھی منطقی انجام تک پہنچانا ہوگا،رانا مبشر اقبال
لاہور(سٹی رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی ایم این اے رانا مبشر اقبال نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ گھریلو صارفین کے لئے گیس کی بندش نا قابل برداشت ہے،صارفین کو حکومتی شیڈول کے مطابق گیس کی فراہمی میں رکاوٹ بننے والے رعایت کے مستحق نہیں،ان کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی میں تاخیر نااہلی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہو ں نے مزید کہا کہ انسانیت دشمن دہشتگردوں کیساتھ ساتھ معاشی دہشتگردوں کو بھی منطقی انجام تک پہنچانا ہوگا۔
اپنی پارٹی کوصدقے اور خیرات کے فنڈ سے چلانے اور جواری جوا کھیلنے والا سرکاری خزانہ کیسے بھر سکتا ہے، عمران خان جمہوریت دشمن ہیں اور ان کی پالیسیاں عوام اورپاکستان دشمنی پر مبنی ہیں۔ پاکستان کی قسمت کے ساتھ سفاک کھیل کھیلنے والے کسی صورت عوام کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے، ان عناصر نے عوام کے مسائل میں اضافہ کر کے عوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے‘ ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے اور ترقی کے سفر میں روڑے اٹکانے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی‘ ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے والے آج سی پیک بنانے کے جھوٹے دعویدار بن بیٹھے ہیں۔ وسائل کی لوٹ مار اور دھرنوں کی آڑ میں پاکستان کی معیشت کیساتھ گھناؤنا کھیل کھیلا گیا۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوام کی خدمت عبادت سمجھ کر کی ہے۔