اپوزیشن نے تحریک میں قانون توڑا تو سختی سے نمٹیں گے، نصرت واحد
کراچی(سٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی نصرت واحد نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے قانون توڑا تو سختی سے نمٹیں گے۔ احتجاج سیاسی جماعتوں کا حق ہے تاہم امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جائے۔ حزب اختلاف کی جماعتیں مولانا فضل الرحمان کو استعمال کررہی ہیں اور مشکل وقت میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ن) ان کا ساتھ چھوڑ دے گی۔ نوازلیگ اور پی پی کرپشن کیسز سے بچنے کیلئے پی ڈی ایم کا سہارا لے رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خواتین پارٹی ورکز سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نصرت واحد نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کی احتجاجی تحریک ناکام ہوگی۔ عوام اب کسی کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ کرپٹ سیاسی رہنما اپنے ذاتی مفادات کیلئے احتجاجی تحریک کا راستہ اختیار کررہے ہیں۔ حکومت کسی کی بلیک میلنگ میں نہیں آئے گی۔ اپوزیشن احتجاجی تحریک کا شوق پورا کرلے ہم ڈٹ کر مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں جمہوریت کے استحکام کیلئے تحریک انصاف نے ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ اپوزیشن کا اتحاد انتشار کا شکار ہوجائے گا۔