پی ٹی آئی اپنی قیادت کی ناکامی کا بوجھ پیپلز پارٹی کو نہ دیں،اویس شاہ
کراچی(سٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ سید اویس قادر شاہ نے خرم شیر زمان کے پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما اپنی قیادت کی ناکامی کا بوجھ پیپلز پارٹی کو نہ دیں،حکومت سندھ صوبے کے عوام میں فراہمی گندم بہتر انداز میں کر رہی ہے۔اویس قادر شاہ نے کہا کہ آٹا، چینی بحران کے ذمے دار پی ٹی آئی ہے اور الزام سندھ حکومت پر دیتے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما بیان بازی سے گریز اور کچھ عوام دوست پالیسی اختیار کریں۔پی ٹی آئی کو ملک میں سیاسی ہلچل کا شدید خوف ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی کے لوگ گندم کے ذخیرہ میں ملوث ہیں۔پی ڈی ایم کی ملاقاتیں پی ٹی آئی کو پریشان اور جھوٹوں کا چہرہ دیکھا رہی ہے۔عمران خان قیمتوں کو چیک کرنے کا کام ٹائیگروں کو دے رہے ہیں خود بھی کچھ کرلیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت صرف ٹوئٹر اور پورٹل سے نہیں چلتی عوام میں جانا پڑتا ہے۔