موجودہ حکومت نے ملک کے ساتھ وہ کیا جودشمن بھی نہیں کرسکتا، وجیہہ الدین احمد
کراچی (سٹاف رپورٹر) عام لوگ اتحاد کے رہنما جسٹس (ر) وجیہہ الدین نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے انصاف لائیرز فورم سے خطاب کرتے ہوئے اپنی دو سالہ کارکردگی کے بارے میں ایک لفظ بولنا گوارہ نہیں کیا، انتخابات میں عوام سے جو بلند وبانگ دعوے کئے تھے ان پر عمل درآمد کیلئے ایک جملہ ادا نہیں کیا۔ وزیراعظم اپنی تقریر سے جواہداف حاصل کرنا چاہتے تھے، نتائج اس کے بلکل برعکس نکلے ہیں، وزیراعظم فی الوقت اس پوزیشن میں نہیں کہ ملک کی کسی بھی بار ایسو سی ایشن سے بلا واسطہ خطاب کرسکیں۔وزیراعظم نے اسلام آباد میں اجلاس منعقد کراکرلائیرز فورم کی بیساکھیوں کا سہار ا لینے کی کوشش کی ہے۔ان کی ساری تقریرحزب اختلاف کی تنقید پرمبنی رہی،ماناحزب اختلاف کا وہ کردارنہیں رہا ہے جواچھی سیاسی پارٹیوں کا ہوا کرتا ہے۔بنیادی بات یہ ہے کہ آپ کی حکومت کو دوسال مکمل ہوگئے،اس عرصے میں آپ نے کیا کیا، آپ نے دوسال کے عرصے میں عوام کو مہنگائی، بیروزگاری کے سوا ئے کچھ نہیں دیا، لوگ بھیک مانگنے اور خودکشی کرنے پرمجبور ہوگئے، معیشت کا بیڑا غرق ہے۔ بیرونی ممالک سے جو اشیاء درآمد ہوتی ہیں ان کا تذکرہ کرنا ہی بے سود ہے کیونکہ اس حکومت نے ملکی معیشت کے ساتھ وہ کیا ہے جو دشمن بھی نہیں کرسکتا۔ ذرعی پیداوار کا بیڑا غرق کردیا، کسان کو اس کی پیداوار کی صحیح قیمت نہیں مل رہی، لیکن وہ ہی چیزجب صارف کے پاس پہنچتی ہے تو اس کی قیمت تین چار گنا ہو جاتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم فرمایا کرتے تھے کہ ایک مرتبہ پاور میں آجاؤں تو جتنا ٹیکس وصول ہورہا ہے اس سے دگنا ٹیکس وصول کرنا شروع کردوں گا، یہ نہایت آسان تھا آپ تمام سسٹم کو میکنائز کردیتے،جولوگ ٹیکس ڈاگس کے گندے ہاتھوں میں پھسے ہوئے ہیں انکو ان سے آزاد کردیتے تو ہماری محصولات کی آمدنی دوگنی ہوجاتی آپ نے وہ نہیں کیا نہ آپ کا کرنے کا ارادہ ہے۔روزگار کے مواقع محدود ہیں عوام کو ایک وقت کی روٹی میسر نہیں، لوگوں کو پچھلی حکومتوں نے بھی بھکاری بنا دیا تھا آپ نے ان کو ان سے بھی بڑا بھکاری بنادیاہے،