عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے:ظہور شاکر

عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے:ظہور شاکر

  

 پشاور (سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے حج، اوقاف و مذہبی امور محمد ظہور شاکر نے کہا ہے کہ عوام کو بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں حکومت موثر اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ عوام کی فلاح و بہبود پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وہ ضلع ہنگو دوآبہ کے عمائدین سے اپنی رہائش گاہ پر بات چیت کر رہے تھے۔عمائدین نے پی کے۔84میں صحت، تعلیم، آبنوشی، نکاسی آب، مواصلات، مہنگائی اور روزگار کی فراہمی کے حوالے سے معاون خصوصی کو آگاہ کیا۔ معاون خصوصی نے ان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی اور فوری نوعیت کے مسائل حل کرنے سے متعلق موقع پر ہی متعلقہ حکام کو ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ حکومت پسماندہ علاقوں کے لوگوں کے ساتھ مزید زیادتی برداشت نہیں کرے گی۔معاون خصوصی نے کہا کہ پی کے۔84کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے اور پی ٹی آئی حکومت عوام کو مایوس نہیں کرے گی، موجودہ حکومت تاریخ میں پہلی مرتبہ ملک بھر میں عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے بلا امتیاز ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کر رہی ہے اور عوام کو صحت عامہ کی سہولیات بھی بلا تفریق فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی اضلاع میں بے پناہ وسائل موجود ہیں۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان ان وسائل کو فوری اور درست طریقے سے استعمال میں لانے میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں تاکہ جنوبی اضلاع کے لوگ بھی ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکیں اور ان کی تقدیر بھی بدل سکے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -