جماعت اسلامی کی حقوق کراچی مہم ظلم کیخلاف جدوجہد کا نام ہے:حافظ نعیم الرحمٰن

جماعت اسلامی کی حقوق کراچی مہم ظلم کیخلاف جدوجہد کا نام ہے:حافظ نعیم الرحمٰن

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ایمان داری کا دعوی کرنے والو ں نے شہریوں کو لوٹنے والے ادارے کے الیکٹرک کے سی ای او تابش گوہر کو اپنی آنکھ کاتارا بنایا ہوا ہے۔کراچی کی درست مردم شماری کر نے سے ہی کراچی کے عوام کو ان کے حقوق مل سکتے ہیں۔کراچی کے نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر سرکاری ملازمتیں دی جائیں۔کراچی کے ٹھیکہ داروں نے کراچی کی اینٹ سے اینٹ بجا دی ہے۔جماعت اسلامی کی ”حقوق کراچی مہم“کراچی کے نوجوانوں کی آواز ہے۔عوامی ریفرنڈم کراچی کے مسائل کے حل کے لئے معاون ثابت ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے تحت لانڈھی نمبر 3میں ”کراچی حقوق کنونشن“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے امیر عبدالجمیل خان،نائب امیر مرزا فرحان بیگ،ناظم علاقہ لانڈھی شرقی مرزا نعمان بیگ،جمیل الدین قریشی،مرزا ثوبان بیگ،سابق یوسی ناظم ناصر حسن انصاری ودیگر نے بھی خطاب کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی پاکستان کی معیشت میں مرکزی کردار ادا کر رہا ہے اور 75فیصد سے بھی زائدیہاں سے ریونیو جمع کیا جا رہا ہے لیکن آج بھی کراچی کے عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔گیس،بجلی،پانی،ٹرنسپورت،صحت،تعلیم ناپید ہوچکی ہے۔کراچی کے ڈومیسائل پر دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والوں کو سرکاری ملازمتیں دی جارہی ہیں اور کراچی کے نوجوان بے روزگار ہیں۔ ظالمانہ کوٹہ سسٹم قوم پر مسلط کیا ہوا ہے جو کہ کراچی کے نوجوانوں کا استحصال ہے۔جماعت اسلامی کی حقوق کراچی مہم ظلم کے خلاف جدوجہد کا نام ہے ہم اس ظالمانہ نظام کو نہیں مانتے۔ایم کیو ایم گزشتہ 30برسوں سے اس شہر پر مسلط تھی اور اس کے باوجود وہ کوٹہ سسٹم ختم نہیں کرا سکی۔انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پچاس برسوں سے سندھ پر قابض ہے لیکن آج بھی لاڑکانہ،شکار پور،نواب شاہ،سکھر،جیکب آباد،حیدرآباد میں غریب سندھی وڈیروں کے رحم وکرم پر ہے۔سرکاری نوکریاں وڈیروں میں ہی تقسیم کر دی جاتی ہیں۔ہم کسی قوم یا لسانیت کی بنیاد پر جدوجہد نہیں کر رہے بلکہ ہم اپنے حقوق کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔کراچی کو عوام کو اب اپنے حقوق کے لئے میدان عمل میں آنا ہوگااور اپنی لڑائی خود لڑنا ہوگی۔جماعت اسلامی آپ کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔لانڈھی میں جماعت اسلامی نے ایثار اور قربانی کی ایک تاریخ رقم کی ہے۔شہید مرزا لقمان بیگ سے شہید محمد اسلم مجاہد اور شہید جمال طاہر تک قربانیوں کی ایک داستان ہے۔عبدالستا رافغانی اور نعمت اللہ خان ہماری پہچان ہیں۔انشاء اللہ جماعت اسلامی تباہ حال کراچی کو ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بنائے گی۔عوام جماعت اسلامی کے عوامی ریفرنڈم میں بھرپور شرکت کر کے ثابت کردیں کہ کراچی کل بھی جماعت اسلامی کا شہر تھا اور آج بھی کراچی جماعت اسلامی کا شہر ہے۔عبدالجمیل خان نے کہا کہ کورنگی لانڈھی کی تعمیر وترقی میں جماعت اسلامی کا کلیدی کردار ہے۔جماعت اسلامی کے سابق کونسلر شہید مرزا لقمان بیگ،عمر درازمرحوم،صغیرالدین خان،مولانا عبدالروف،قاضی گوہر علی خٹک،بابو رحیم کریم،اسلم مجاہد،مختار گوہرودیگر نے دن رات ایک کر کے اس علاقے کی تعمیر کی اور نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ کے دور میں یہاں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے۔کورنگی لانڈھی کی عوام کو جماعت اسلامی کے ہاتھ مضبوط کرنے ہوں گے۔مرزا فرحان بیگ نے کہا کہ لانڈھی کے عوام پانی کی بوند بوند کوترس رہے ہیں۔لانڈھی کورنگی کے عوام کو اب اس ظلم کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا ہوگا۔جمیل الدین قریشی نے کہا کہ عوام کے مسائل کا واحد حل جماعت اسلامی ہی ہے۔مرزا نعمان بیگ نے کہا کہ لانڈھی کی عوام عوامی ریفرنڈم میں بھرپور حصہ لیں گے۔#

مزید :

صفحہ اول -