پشاور،پاکستان تحریک انصاف کا گڑھ بن چکا:کامران بنگش

پشاور،پاکستان تحریک انصاف کا گڑھ بن چکا:کامران بنگش

  

 پشاور (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے وزیر جنگلات اشتیاق ارمڑ، ایم پی اے آصف خان اور انجینئر فہیم  کے ہمراہ اتوار کے روز اطلاع سیل محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ میں خصوصی پریس بریفنگ کی۔میڈیا کو بریف کرتے ہوئے معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ اپوزیشن ہماری حکومت کے عوام دوست ترقیاتی منصوبوں کی وجہ سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ پی ڈی ایم کرپٹ لوگوں کا ٹولہ ہے اور پہلے کی طرح پھر ناکام ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اب بھی عوام میں پہلے کی طرح مقبول ہے اسی لئے آئے روز پی ٹی آئی میں عوام شامل ہو رہے ہیں۔پشاور کا ذکر کرتے ہوئے معاون اطلاعات کامران بنگش نے کہا کہ پشاور پاکستان تحریک انصاف کا گڑھ بن چکا ہے کیونکہ ہم نے صوبائی دارالحکومت میں عوامی امنگوں کے مطابق ترقیاتی کام شروع کئے ہیں۔ پشاور کی ترقی کے لئے سارے منتخب نمائندگان اجلاس کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ ریوایول پلان پر کام جاری ہے اپوزیشن آئندہ الیکشن تک انتظار کرے۔ اقتدار حاصل کرنے کے لیے اپوزیشن اوچھے ہتھکنڈے استعمال نہ کرے بلکہ عوام میں جائے اور اپنا ایجنڈا پیش کرے۔صوبے میں آٹا بحران کو مصنوعی قرار دیتے ہوئے معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ آٹا بحران مصنوعی ہے جس پر حکومت نے بروقت قابو پا لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گراس روٹ لیول پر آٹا سپلائی ممکن بنا رہے ہیں تاکہ عوام کو سستے نرخ پر آٹا میسر ہو سکے۔ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جارہا ہے ضلعی انتظامیہ اور منتخب نمائندے آٹے کی خود نگرانی کررہے ہیں۔فاٹا انضمام کو پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی کہتے ہوئے معاون وزیراعلیٰ کامران بنگش نے کہا کہ قبائلی اضلاع کا انضمام پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی ہے۔ قبائلی اضلاع میں ترقی کا سہرا پی ٹی آئی کے سر جاتا ہے۔ انہوں نے ریمارکس دیئے کہ مامد گٹ مہمند میں پہلی بار بہترین صحت کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ تحصیل مامد گٹ میں نہ صرف پچھلے ہفتے وزیراعلیٰ نے ہسپتال اور دو سڑکوں کا افتتاح کیابلکہ وزیراعلیٰ قبائلی اضلاع کی سکیموں کی خود نگرانی بھی کررہے ہیں۔صوبے میں دیگر ترقیاتی منصوبوں اور سوات ایکسپریس وے کے متعلق معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ سوات ایکسپریس کا فیز 1 مکمل ہوگیا ہے۔ وزیراعلیٰ محمود خان کی قیادت میں صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔کورونا صورتحال پر میڈیا کو بریف کرتے ہوئے معاون وزیراعلیٰ کامران بنگش نے کہا کہ کورونا کے پہلے مرحلے کا مقابلہ کیا اور سرخرو ہوئے انشاء اللہ دوسری لہر سے بھی کامیابی سے نمٹیں گے اور اسمیں بھی کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سکول، بازار سمیت ہر جگہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد جاری ہے۔چارسدہ واقعے پر تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ واقعہ پر پوری قوم افسردہ ہے۔ چارسدہ میں زیادتی کی شکار ہونے والی بچی کے گھر کا دورہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ کیس میں ڈی این اے سارے علاقے کا لیا گیا ہے، ملزمان پولیس کے ریڈار پر ہیں بچ نہیں پائیں گے۔صوبے میں صنعتی پیداوار بہتر بنانے کی بات کرتے ہوئے معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا پیہور ماڈل پر صنعتوں کو سستی بجلی فراہم کریں گے جس سے صنعتی ترقی سے خوشحالی آئے گی اور روزگار کے وافر مواقع پیدا ہوں گے۔پریس بریفنگ میں بلین ٹری سونامی منصوبے کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر جنگلات اشتیاق ارمڑ نے کہا کہ کچھ لوگ بلین ٹری سونامی منصوبے کے متعلق ہونے والے پراپیگنڈا کے شکار ہو گئے ہیں میڈیا کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ جب چاہیں متعلقہ پراجیکٹس کے متعلق معلومات لے سکتے ہیں اور دورہ بھی کر سکتے ہیں۔

مزید :

صفحہ اول -