حکومت قدرتی حسن کے تحفظ کیلئے اقدامات اٹھانے کی خواہش مند ہے:اشتیاق ارمڑ

حکومت قدرتی حسن کے تحفظ کیلئے اقدامات اٹھانے کی خواہش مند ہے:اشتیاق ارمڑ

  

 پشاور (سٹاف رپورٹر) خیبر پختونخوا کے وزیر جنگلات و جنگلی حیات اور ماحولیات سید اشتیاق ارمڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف حکومت ملک بھر کی خوبصورتی بڑھانے اور اس کے قدرتی حسن کے تحفظ کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی خواہش مند ہے تاکہ آلودگی سے پاک فضا کو درپیش کسی بھی خطرے سے محفوظ رکھا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت جنگلات کے فروغ اور غیر قانونی کٹائی روکنے کیلئے بھی متحرک ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی تمام تر توجہ شجر کاری پر مرکوز ہے اور ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات کے تدارک کیلئے جنگلات میں اضافے کیلئے تاریخی اقدامات اٹھا رہے ہیں، بلین ٹری پاکستان تحریک انصاف کا ایک میگا پراجیکٹ ہے جس کے بیرونی ممالک بھی تائید کر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹمبر مافیا اور جنگلات کو نقصان پہنچانے والوں کا گھیرا تنگ کر دیا ہے تاہم صوبے کے جنگلات اور قدرتی وسائل کو بچانا ہم سب کا مشترکہ فریضہ ہے، ہمیں صوبے اور عوام کی خو شحالی اور قدرتی وسائل کی حفاظت انتہائی عزیز ہے، جنگلات اور موسمی تبدیلی کے مضر اثرات کے تدارک کیلئے عوام کا تعاون ناگزیر ہے جس کیلئے حکومت بھی تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی تاکہ ماحول کو آلودگی سے پاک کیا جائے اور موسمیاتی تبدیلی کے خطرناک درپیش چیلنجز سے قوم کو بچایا جا سکے۔

مزید :

صفحہ اول -