اسلام آباد ہائیکورٹ : ارسلان ظفر کیخلاف کارروائی روکنے کے حکم امتناع میں 27 اکتوبرتک توسیع
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آبادہائیکورٹ نے ڈیٹالیک انکوائری کیخلاف درخواست پر ارسلان ظفر کیخلاف کارروائی روکنے کے حکم امتناع میں 27 اکتوبرتک توسیع کردی۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق اسلام آبادہائیکورٹ میں ایڈیشنل ڈائریکٹرایس ای سی پی ارسلان ظفرکی ڈیٹا لیک انکوائری کےخلاف درخواست پر سماعت ہوئی،ارسلان ظفر نے انکوائری کمیٹی کی تشکیل اور انکوائری کمیٹی رپورٹ کو چیلنج کر رکھا ہے،اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے سماعت کی۔
وکیل ایس ای سی پی نے کہاکہ جواب تیار ہے، جلد جمع کروا دیا جائے گا، کچھ مہلت دی جائے، چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہاکہ یہ بتائیں کہ یہ معلومات تو پبلک نہیں ہونی چاہئیں،اس سوال کی روشنی میں اپنا تحریری جواب جمع کرائیں،عدالت نے ایس ای سی پی کی جواب جمع کرانے کیلئے وقت مانگنے کی استدعا منظور کرلی ،اسلام آباد ہائیکورٹ نے ارسلان ظفر کیخلاف کارروائی روکنے کے حکم امتناع میں 27 اکتوبر تک توسیع کردی۔