تھانے میں شہری کی ہلاکت کیخلاف احتجاج، شاہدرہ پولیس آپے سے باہر، صحافیوں کو بھی حراست میں لے لیا

تھانے میں شہری کی ہلاکت کیخلاف احتجاج، شاہدرہ پولیس آپے سے باہر، صحافیوں کو ...
تھانے میں شہری کی ہلاکت کیخلاف احتجاج، شاہدرہ پولیس آپے سے باہر، صحافیوں کو بھی حراست میں لے لیا

  

لاہور (لیاقت کھرل سے)تھانہ شاہدرہ  میں چوری کے الزام میں گرفتار  شہری کو مبینہ طور تشدد کرکے ہلاک کردیاگیا جس کے خلاف لواحقین سراپاا حتجاج تھے جبکہ انکوائری کے بعد پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا، احتجاج اور میڈیا کوریج پر شاہدرہ پولیس آپے سے باہر ہوگئی اور کوریج کے لیے گئے صحافیوں کو بھی زبردستی تھانے منتقل کردیا۔

 تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال شاہدرہ میں جاں بحق ہونے والے شخص کے لواحقین کا پولیس کے خلاف احتجاج دوسرے روز جاری ہے، میڈیا کے نمائندے کوریج کے لیے پہنچے تو پولیس نے میڈیا نمائندوں کو کوریج کرنے پر  دھمکیاں دیں اور ورثاء سمیت میڈیا نمائندوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنا ڈالا اور گھسیٹ کر تھانہ لے گئی۔

یادرہے کہ اس سے قبل مقتول غلام حسین اوکاڑہ کا رہائشی تھا،اورشاہدرہ انوسٹی گیشن ونگ کی پولیس کی زیر حراست تھا کہ گزشتہ رات پولیس کے مبینہ تشددسے اس کی اچانک حالت بگڑ گئی اسے مقامی ہسپتال لیجایا گیا کہ وہ جانبر نہ ہو سکا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس پی سٹی توحید الراحمن موقع پر پہنچے توانچارج انویسٹی گیشن شبیر اعوان اور تفتیشی افسر تھانہ سے غائب ہو گئے۔ ایس پی کے بار بار کالیں کرنے کے باوجود انچارج انویسٹی گیشن نے ریسپانس نہ کیا۔ایس پی سٹی نے لواحقین سے مذاکرات کیے اور لاش قبضہ میں لیکر مردہ خانے جمع کروا دی جبکہ  پولیس کے مبینہ تشددسے ہلاک ہونیوالے شہری کے بیٹے نے یہ الزام لگایا ہے پولیس نے چار روز قبل اس کے والد کو مبینہ طور حراست میں لیا اور اس کے والد کو مبینہ طور پر تشدد کرکے ہلاک کرنیوالے تفتیشی افسر اور دیگر اہلکاروں کو تھانہ سے غائب کر دیا گیا، اس موقع پر مقتول کے لواحقین نے شاہدرہ میں واقع گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال شاہدہ کے باہر احتجاج کیا جو رات گئے تک جاری تھااور پولیس کی بھاری نفری کے موقع پر پہنچ جانے کے باوجود لواحقین پولیس کیخلاف سراپا احتجاج بنے رہے،اس حوالے سے لاہور پولیس کے سربراہ عمر شیخ نے روز نامہ پاکستان کو بتایا کہ واقعہ میں ملوث اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج کیا جارہا ہے، انکوئری رپورٹ آنے پر قانون کے مطابق کاروائی کی جائیگی اور ملوث اہلکاروں کو کسی بھی صورت معاف نہیں کیا جائیگا۔

مزید :

جرم و انصاف -علاقائی -پنجاب -لاہور -