پاکستانی ٹیم ورلڈکپ سپر لیگ میں زوردار انٹری کیلئے پراعتماد، بابراعظم نے شاندار اعلان کر دیا

پاکستانی ٹیم ورلڈکپ سپر لیگ میں زوردار انٹری کیلئے پراعتماد، بابراعظم نے ...
پاکستانی ٹیم ورلڈکپ سپر لیگ میں زوردار انٹری کیلئے پراعتماد، بابراعظم نے شاندار اعلان کر دیا
کیپشن:    سورس:   Twitter

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ سپر لیگ میں زوردار انٹری کیلئے پراعتماد ہے اور کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ اب سے تمام کرکٹ 2023ءکے میگا ایونٹ کی تیاری کا حصہ ہوگی، شوپیس ٹورنامنٹ میں مضبوط پوزیشن کے ساتھ کوالیفائی کرنا چاہتے ہیں، زمبابوے سے سیریز میں ہوم کراﺅڈ کی کمی شدت سے محسوس ہو گی مگر اپنے ملک میں ٹیم کی قیادت کرنا بہت بڑا اعزاز ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی رواں ماہ اپنے ملک میں زمبابوے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ سپر لیگ میچز کھیلنے والی ہے، یہ دراصل 2023ءکے میگا ایونٹ میں براہ راست کوالیفائی کرنے کا راستہ ہے، پاکستانی محدود اوورز کی ٹیموں کے نوجوان کپتان بابراعظم بھی اس لیگ کے حوالے سے کافی پرجوش اور زوردار انٹری کیلئے پراعتماد ہیں جنہوں نے پی سی بی کی جانب سے جاری اپنے پیغام میں کہا کہ آئی سی سی لیگ میگا ایونٹ میں رسائی کا اہم راستہ ہے اور ہمیں صرف زمبابوے کے خلاف سیریز ہی نہیں جیتنی بلکہ اچھے پوائنٹس کے ساتھ کوالیفائی کرنا ہے تاکہ جب ہم ورلڈ کپ کھیلیں تو لوگ ہمیں مضبوط امیدوار قرار دیں، اس لئے اب سے ہم جو کرکٹ کھیلیں گے وہ ہماری 2023ءورلڈ کپ کی تیاریوں کا حصہ ہو گی، مجھے اپنی ٹیم پر پورا بھروسہ ہے کہ ہم اچھا آغاز کرکے میگا ایونٹ کیلئے کوالیفائی کریں گے۔ 

واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان کوزمبابوے سے ہوم سیریز تماشائیوں کے بغیر کھیلنا پڑے گی اور اس حوالے سے بابراعظم کا کہنا ہے کہ رواں برس ہم نے ہوم کراﺅڈ کے سامنے جتنی بھی کرکٹ کھیلی ہمیں بہت زیادہ پیار اور حوصلہ ملا، کورونا وائرس کی وجہ سے ہم اپنے کراﺅڈ کی کمی بہت زیادہ محسوس کریں گے، میں کافی خوش نصیب ہوں کہ پاکستان کی نمائندگی کا موقع میسر آیا، اس سے بھی بڑا اعزاز ٹیم کی قیادت ملنے کا ہے۔ 

قومی ٹیم کے کپتان نے مزید کہاکہ کئی برس تک پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ نہیں ہوئی جس کی وجہ سے بڑے بڑے کھلاڑیوں کو اپنے کیریئر میں زیادہ ترملک سے باہر کھیلنا پڑا، میری یہ خوش قسمتی ہے کہ اپنے ملک میں ٹیم کی قیادت کروں گا، کوشش ہوگی کہ ہماری مہم کا اچھا آغاز ہو۔ 

مزید :

کھیل -