پولیو ایک قومی فریضہ ہے جس پر توجہ مرکوز کرلیں، اس میں ہرگز غفلت برداشت نہیں کرسکتے: ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ ندیم الرحمن میمن
عمرکوٹ (سید ریحان شبیر ) ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ ندیم الرحمان میمن نے کہا ہے کہ پولیو ایک قومی فریضہ ہے جس پر توجہ مرکوز کر لیں ، پولیو مہم میں ہرگز غفلت برداشت نہیں کر سکتے ، انہوں نے کہا کہ ضلع عمرکوٹ میں 26 اکتوبر سے 30 اکتوبرتک جاری پولیو مہم میں 257327 بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لیے بہتر سے بہتر حکمت عملی بنائی جائے اور گذشتہ پولیو مہم میں پولیو کے قطرے نہ پلانے والے بچوں کو این اے کی لسٹ سے خارج کرنے کے لیے جلد سے جلد پولیو کے قطرے پلائے جائیں ، ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ندیم الرحمن میمن نے سوریہ بادشاہ کمپلیکس ہال عمرکوٹ میں پولیو مہم سے متعلق انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ اس پولیو مہم میں تمام تر وسائل بروئے کار لا کر پولیو مہم کو سو فیصد کامیاب کیا جائے جس کے لیے تمام تر اسٹیک ہولڈر اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔ اس موقع پر انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ارجن کمار راٹھی اور پی پی ایچ آئی انچارج ثناء اللہ منگی کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ آپ تمام ہسپتالوں کا ایک مشترکہ دورہ کرکے ای پی آئی کی ویکسین کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے تمام سٹور کے فریج چیک کریں اور جہاں پر بھی کام کرنے کی ضرورت ہے وہاں فوری طور پر کام کیا جائے اور اس کی تفصیلی رپورٹ جمع کروائی جائے ۔
اس موقع پر انہوں نے تما م اسسٹنٹ کمشنروں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ شروع ہونے والی پولیو مہم سے متعلق اپنے اپنے تعلقہ ہیڈکواٹر میں اجلاس طلب کرکے پولیومہم کو کامیاب کرنے کے لیے انتظامات کئے جائیں اور تمام یو سی ایم اوز کو پابند کیا جائے کہ وہ پولیو مہم میں حصہ لینے والے تمام ورکرز کی ٹرینگ کو مکمل کریں اور پولیو مہم میں دئیے گے ٹارگٹ کو وقت پر مکمل کیا جائے ۔ اس موقع پر انہوں نے محکمہ سوشل ویلفیر کے ڈپٹی ڈائریکٹر سروپ چند مالہی کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام این جی اوز کے نمائندوں کو پابند کیا جائے کہ وہ اس پولیو مہم میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور بالخصوص صحرائے تھر کے علاقوں کے لیے فور بائے فور گاڑیوں کے انتظامات کئے جائیں ۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیو فوکل پرسن ڈاکٹر فرید احمد ھنگورجو نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شروع ہونے والی پولیو مہم میں تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور اس پولیو مہم میں 565 گھرگھر ٹیمیں ، 56 فیکس سائیڈ ٹیم ، 66 ٹرانزینٹ ٹیمیں 39 یو سی ایم اوز ،10 تعلقہ سپروائزر ، 145 ایریا انچارج اور 508 لیڈی ہیلتھ ورکر حصہ لیں گی ۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر وں سبھاش چندر، چاروں تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ڈی ایس پی عمرکوٹ ایوب درس ، آئی ایچ ایس انچارج صوبدار ، چاروں تعلقوں کے ایم ایس، ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر دیا کھتری ، ڈاکٹر ، پیرا میڈیکل سٹاف اور دیگر منسلک محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔