حکومت نے اپوزیشن کو جلسوں کی اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)حکومت نے اپوزیشن کی ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسوں میں رکاوٹ کے بجائے اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔
جیونیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی رہنماؤں کے اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ پی ڈی ایم کے جلسوں میں رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی ۔ مریم نوازسمیت تمام اپوزیشن رہنماؤں کو جلسوں میں شرکت کی اجازت دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق حکومت سمجھتی ہے کہ اپوزیشن عوام کو باہر نکالنے میں کامیاب نہیں ہوپائے گی اور خود ہی بے نقاب ہوجائے گی۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پر امن احتجاج اور جلسے اپوزیشن کا حق ہے لیکن احتجاج کی آڑ میں انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔وزیراعظم کا کہنا تھاکہ اپوزیشن عوام کے نہیں سیاسی اشرافیہ کے مفادات کے تحفظ کی تحریک چلا رہی ہے۔ عوام کو سیاستدانوں کی کرپشن بچاﺅ تحریک میں کوئی دلچسپی نہیں۔
واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے 16اکتوبر کو گوجرانولہ میں اپنے پہلے جلسے کا اعلان کر رکھا ہے جب کہ دوسرا جلسہ 18 اکتوبر کو کراچی میں کرانے کااعلان کیاگیا ہے۔