موٹروے کیس، آخر کار عابد ملہی پکڑا گیا، سب سے بڑی خبر آگئی
مانگا منڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) موٹروے کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کو آخر کار گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ملزم عابد ملہی کو واقعے کے 33روز بعد گرفتار کرلیا گیا ہے۔ سی آئی اے پولیس کے مطابق ملزم عابد کو مانگا منڈی سے گرفتار کیا گیا ہے اور اسے لاہور منتقل کردیا گیا ہے۔ موٹروے کیس کا دوسرا ملزم شفقت علی پہلے ہی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم بھیس بدل کرمانگا منڈی میں اپنے والد کے گھر میں روپوش تھا۔ ملزم 2 روز قبل تاندلیانوالہ میں اپنے سسرال میں ٹھہرا ہوا تھا ، جب پولیس اسے گرفتار کرنے پہنچی تو وہ وہاں سے فرار ہوگیا اور مانگا منڈی میں اپنے والد کے گھر آگیا جہاں سے سی آئی اے نے اسے گرفتار کیا ہے۔
دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے بھی عابد ملہی کی گرفتاری کی تصدیق کردی ہے۔ انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ انشاء اللہ اسے قانون کے مطابق سزا ملے گی۔
خیال رہے کہ 9 ستمبر کو لاہور سیالکوٹ موٹروے پر رات گئے ایک شادی شدہ خاتون کو دوران ڈکیتی 2 ملزمان نے زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک ملزم شفقت علی کو پہلے ہی اوکاڑہ سے گرفتار کرلیا تھا تاہم مرکزی ملزم عابد ملہی ہر بار پولیس کے ہاتھوں سے نکل جاتا تھا۔ مجموعی طور پر ملزم 5 بار پولیس کو چکمہ کرانے میں کامیاب رہا۔