"تحریک انصاف سویلین بالا دستی ، ووٹ کو عزت دو کے بیانیے کے ساتھ میدان میں آچکی" عاصمہ شیرازی کا حیران کن دعویٰ
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) اینکر پرسن عاصمہ شیرازی کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں تحریک انصاف کو نئے بیانیے کی ضرورت تھی جو ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلی جنس (ڈی جی آئی ایس آئی) کے معاملے پر سامنے آیا، اب تحریک انصاف سویلین بالا دستی اور ووٹ کو عزت دو کے بیانیے کے ساتھ میدان میں آچکی ہے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اینکر پرسن عاصمہ شیرازی نے کہا کہ تاثر یہ دیا گیا کہ ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کیلئے غیرقانونی طریقہ اپنایا گیا، اس پر حیرت کا اظہار ہونا چاہیے کہ کون سا غیر قانونی طریقہ اپنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی پرفارمنس پر بہت سے سوالات اٹھ رہے تھے، اس صورت میں تحریک انصاف کو ایک نئے بیانیے کی ضرورت تھی، آنے والے دنوں میں اس طرح کے بیانیے کو بڑھاوا ملے گا، پاکستان تحریک انصاف سویلین بلا دستی، ووٹ کو عزت دو کے بیانیے کے ساتھ میدان میں آچکی ہے۔ آنے والے دنوں میں ہوسکتا ہے کہ وزیر اعظم کی رٹ کو تقویت ملے، سیاسی شہادت کے امکانات کم ہیں لیکن اگر ایسا ہوا تو اس کا فائدہ تحریک انصاف اٹھا سکتی ہے۔
عاصمہ شیرازی کا کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کو اگر مسئلہ نہیں بننا ہوتا تو یہ کابینہ میں نہیں آتا کیونکہ یہ تو رات کو ہی طے ہوگیا تھا، کابینہ میں اس معاملے کو رکھا گیا اور اس پر رائے لی گئی اور حکومتی ترجمان کو اس پر پریس کانفرنس کا کہا گیا، اس کو باقاعدہ منظم انداز میں وزیر اعظم آفس کی بالا دستی کے طور پر پیش کیا گیا، اگر معاملات طے پاگئے تھے تو وزیر اعظم کو یہ کہنے کی کیوں ضرورت پڑی کہ وزیر اعظم آفس کی بھی اپنی عزت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب آنے والے کئی دن تک یہی معاملہ زیرِ بحث رہے گا جس کے نتیجے میں پنڈورا پیپرز، مہنگائی اور خراب معاشی صورتحال سمیت دیگر مسائل دب جائیں گے۔