بھارتی گلوکارہ نے شاہ رخ خان کے ماضی سے متعلق بڑا انکشاف کر دیا

Oct 12, 2024 | 11:43 AM

ممبئی (ویب ڈیسک) ہندی فلموں میں اپنی آواز کا جادو جگانے اور کئی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی وجیتا پنڈت نے انکشاف کیا کہ جب وہ راجو بن گیا جینٹلمین کی شوٹنگ کے دوران شاہ رخ خان کے گھر گئیں تو ان کے گھر صوفہ تک نہیں تھا۔

ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ شاہ رخ خان کا گھر ان دنوں کارٹر روڈ پر تھا۔ وہ موسیقار جتن اور للیت کے ساتھ شاہ رخ کے گھر گئی تھیں ۔ ان کا گھر ایک پرانی عمارت میں تھا ۔ وہ ایک چھوٹے سے کمرے میں ایک گدے پر بیٹھے تھے کیونکہ وہاں کوئی صوفہ موجود نہیں تھا۔ شارخ خان کی اہلیہ نے گوری خان نے ان کی خاطر تواضع کی تھی۔

وجیتا پنڈت ان دنوں اپنے انٹرویوز میں شاہ رخ خان سے ناراضی کا اظہار کرتی نظر آرہی ہیں۔ وجیتا پنڈت کے آنجہانی شوہر آدیش شری واستو بھی بالی ووڈ میں موسیقی کا دنیا کا ایک بڑا نام تھے۔

ایک انٹرویو میں وجیتا کا کہنا تھا کہ بستر مرگ پر ان کے شوہر سے شاہ رخ خان نے وعدہ کیا تھا کہ وہ ان کے خاندان کا خیال رکھیں گے لیکن کنگ آف بالی وڈ کہلائے جانے والے شاہ رخ خان اپنا یہ وعدہ فراموش کرچکے ہیں۔

شاہ رخ کی سیکریٹری پوجا سے بھی وہ کئی بار رابطہ کرچکی ہیں لیکن وہاں سے بھی ان کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

وجیتا کا کہنا تھا کہ ان کا بیٹا اویتیش ٹیلنٹ سے بھرپور ہے۔ وہ یہ نہیں چاہتیں کہ شاہ رخ خان ان کے بیٹے کو کسی فلم میں سائن کریں بلکہ وہ ان کے بیٹے کا آڈیشن تو کروا ہی سکتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ شاہ رخ کو تب سے جانتی ہیں جب وہ ایک چھوٹے سے گھر میں رہا کرتے تھے اور فلمی دنیا میں جدوجہد کرکے اپنا مقام بنا رہے تھے جبکہ آج وہ ممبئی کے ایک بڑے علاقے میں ایک بڑے گھر میں رہتے ہیں۔ انہیں اپنا وعدہ نبھانا چاہیے جو ان کے مرحوم شوہر سے کیا گیا تھا۔

وجیتا نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ انہوں نے اچھے موقع پر فلم انڈسٹری کو خیرباد کہہ دیا تاہم اب وہ دوبارہ فلم انڈسٹری میں کم بیک کرنا چاہتی ہیں۔

واضح ہے کہ وجیتا پنڈت معروف میوزک ڈائریکٹرز جتن پنڈت اور للت پنڈت کی بہن ہیں جنہیں عرف عام میں جتن للت کہا جاتا ہے۔

1981 میں ریلیز ہونے والی فلم بلاک بسٹر مووی لو سٹوری میں وجیتا نے کمار گورو کے ہمراہ مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ گلوکاری میں بھی انہوں نے کئی فلموں میں اپنی آواز کا جادو جگایا اور جو جیتا وہی سکندر سمیت کئی کامیاب فلموں میں گلوکاری کی۔

مزیدخبریں