اسرائیل کی غزہ میں شدید بمباری، 22 فلسطینی شہید

Oct 12, 2024 | 11:50 AM

غزہ (ڈیلی پاکستان آن لائن )اسرائیل نے لبنان اور غزہ میں تابڑ توڑ حملے کئے جس کے نتیجے میں متعدد شہادتیں ہوئی ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق شمالی غزہ میں جبالیہ مہاجرین کیمپ پر بمباری کے نتیجے میں 22 فلسطینی شہید ہوگئے۔
رپورٹس کے مطابق عینی شاہدین کا بتانا ہے کہ شمالی غزہ میں کی جانے والی بمباری اتنی شدید تھی جس سے شدید زلزلہ بھی محسوس کیا گیا۔
اس کے علاوہ اسرائیلی فورسز نے جنوبی لبنان میں گزشتہ دو روز کے دوران اقوام متحدہ کی امن فوج ( UNIFIL) کو نشانہ بنایا۔
لبنان کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے جمعہ کو 24 گھنٹوں کے دوران متعدد حملے کئے جس کے نتیجے میں 60 افراد جاں بحق اور 168 زخمی ہوئے۔
لبنان کرائسز ریسپانس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیل نے 57 فضائی حملے کئے اور شیلنگ کی جس میں زیادہ تر حملے جنوبی لبنان میں کئے گئے۔
علاوہ ازیں عراق کے مسلح گروپ نے شمالی اسرائیل میں ڈرون حملے کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی اسرائیل میں اہم اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے جہاں گولن کی پہاڑیوں پر بھی حملے کئے گئے تاہم مسلح گروپ کی جانب سے حملوں کی تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔

مزیدخبریں