ڈاکٹر ذاکر نائیک کی معروف عالم دین مولانا طارق جمیل سے ملاقات

Oct 12, 2024 | 06:50 PM

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) معروف اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے مولانا طارق جمیل سے ملاقات کی ہے۔ 

مولانا طارق جمیل کی رہائشگاہ پر ہونیوالی ملاقات کے دوران ذاکر نائیک نے کہا کہ پاکستان میں جو محبت ملی وہ بھارت سے کئی گنا زیادہ ہے، میری تمنا تھی کہ مولانا طارق جمیل سے ملاقات کروں۔ ان سے ملاقات تو پہلے مکہ میں ہو چکی تھی لیکن اپنے شہر میں ملنے کا لطف کچھ الگ ہی ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کا جذبہ تو باہر دیگر ممالک میں دیکھ چکا ہوں لیکن جب پاکستان آیا تو ان کا جذبہ دیکھ کر بہت زیادہ خوشی ہوئی۔ مجھے لگتا ہے کہ پاکستانیوں کا پوٹینشل بہت ہائی ہے۔ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر بنا اور ہمیشہ پاکستانیوں سے امید رہتی ہے۔ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ پاکستان آکر دل بے حد خوش ہوا۔ پہلے جب انگریزی میں تقریر کرتا تھا سب سنتے تھے لیکن جب اردو میں تقریر شروع کی تو میرے خلاف باتیں شروع ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ میرا مقصد صرف ایک تھا کہ جو لوگ میرے خلاف باتیں کرتے تھے۔ میں انہیں بلاتا تھا اور چند ہفتوں یا مہینوں بعد وہ دوست بن جاتے تھے۔اس موقع پر مولانا طارق جمیل نے کہا کہ اللہ نے جن صفات سے ڈاکٹر صاحب کو نوازا ہے۔ میں نے آج تک ان جیسی صفات نہیں دیکھیں۔مولانا طارق جمیل نے کہا کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے اللہ کی خاطر ڈاکٹر کا پیشہ چھوڑا تو اللہ نے انہیں سوشل میڈیا کے ذریعے پوری دنیا میں پھیلا دیا۔ ڈاکٹر صاحب جو کام کر رہے ہیں ہماری دعا ہے کہ اللہ پاک ان کے بیٹے کو مثل ذاکر نائیک بنائے۔ ہمیں ان جیسے لوگوں کی اشد ضرورت ہے۔

مزیدخبریں