طالبان کاحملہ بھارت کے ساتھ گٹھ جوڑ کا نتیجہ، جوابی کارروائی میں 200سے زائد دہشتگرد ہلاک، پاک فوج کے 23جوان شہید، 29زخمی ہوئے ہیں: آئی ایس پی آر
راولپنڈی (ویب ڈیسک) پاک افغان کشیدگی پر پاک فوج کا باضابطہ موقف آگیا ہے اور محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک افغان سرحد پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 23جوان شہید اور29زخمی ہوئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق جوابی کارروائی میں 200سے زائد دہشتگرد مارے گئے ہیں جبکہ 21مقامات پر عارضی قبضہ کیا گیا ہے۔ ترجمان کا کہناتھاکہ طالبان کاحملہ بھارت کے ساتھ گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فتنہ الخوارج نے پاک افغان سرحد کے لمبے حصے پر پاکستان پر حملہ کیا، فتنہ الخوارج نے بلااشتعال اور دشمنانہ کارروائی کے طور پر پاکستان پر حملہ کیا، افغان طالبان اور بھارت کی سرپرستی میں فتنہ الخوارج نے حملہ 11اور12اکتوبر کی درمیانی شپ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بزدلانہ اقدام میں فائرنگ اور چند مقامات پر دراندازی کی گئی،حملہ سرحدی علاقوں میں عدم استحکام پیدا کرکے دہشتگردی کے اہداف کی تکمیل کیلئے کیاگیا،حق دفاع کے تحت پاک فوج نے سرحدی پٹی پر موثر اور فیصلہ کن ردعمل دیا، پاکستان کی مسلح افواج نے حملے کو پسپا کردیا،مسلح افواج نے طالبان فورسز اور ان سے وابستہ خوارج کو سنگین جانی نقصان پہنچایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افغان علاقے میں موجود طالبان کے کیمپس اور پوسٹس پر فائرنگ کی گئی،طالبان کے کیمپس اور پوسٹس پر فضائی ضربیں اور کارروائیاں کی گئیں،دہشتگردی کی تربیتی آماجگاہوں اور حمایتی نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں کی گئیں،ان میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان اور داعش کے وابستہ عناصر شامل ہیں،شہری جان و مال کے تحفظ اور غیرضروری جانی نقصان سے بچنے کی تمام احتیاطی تدابیر کی گئیں،بلااشتعال اور مستقل کارروائیوں میں سرحدی پٹی پر متعدد طالبان مقامات تباہ کئے،افغان طالبان کی جانب سے دشمن کی 21پوزیشنزپر وقتی طور پر قبضہ کیاگیا،دہشتگردی کی منصوبہ بندی میں استعمال ہونے والے متعدد تربیتی کیمپس کو تباہ کیاگیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جھڑپوں میں 23بہادر جوانوں نے دفاع وطن میں جام شہادت نوش کیا،29سپاہی زخمی ہوئے، انٹیلی جنس اور نقصان کے تخمینے کے مطابق 200سے زائد طالبان اور وابستہ دہشتگرد ہلاک ہوئے،پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بڑی تعداد میں طالبان اور وابستہ دہشتگرد زخمی ہوئے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ پاک فوج اپنے عوام کی جان و مال اور ملکی سالمیت کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔
