تعلیم کے میدان میں پنجاب حکومت کی خدمات

تعلیم کے میدان میں پنجاب حکومت کی خدمات
تعلیم کے میدان میں پنجاب حکومت کی خدمات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے چیف منسٹرز چائنیز لینگویج سکالرشپ پروگرام، شہباز شریف میرٹ سکالرشپ پروگرام اور نویں جماعت کے امتحان میں 505 میں سے 500 نمبر حاصل کرنے والے 18 طلباء و طالبات کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت پاکستان کے روشن مستقبل پر سود مند سرمایہ کاری کر رہی ہے۔ پی ایچ ڈی کے لئے بیرون ملک پچاس بہترین یونیورسٹیوں میں جانے والے طلباء و طالبات اور چینی زبان سیکھنے کے لئے چین جانے والے 130 طلباء و طالبات کا انتخاب خالصتاً میرٹ اور اہلیت کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ انشاء اللہ جب یہ بچے اور بچیاں تعلیم حاصل کرنے کے بعد واپس آئیں گے تو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے یہ ہونہار بچے اور بچیاں سی پیک کو آگے بڑھانے میں ممد و معاون ثابت ہوں گے۔ سی پیک آج یا کل کے لئے نہیں، یہ قیامت تک چلے گا اور اس میں ارب ہا ڈالر مزید آئیں گے۔ سی پیک بھی چین کے صدر شی جن پنگ کے ’’ ون بیلٹ ون روڈ‘‘ کا حصہ ہے، لیکن جس قدر اس شاندار ویژن کی حمایت ہو رہی ہے، اس کی مخالفت بھی اتنی ہی شدید ہو چکی ہے اور ہمسایہ ملک میں اس کے خلاف لابی کی جا رہی ہے،یہی وجہ ہے کہ ہماری بندرگاہ کے سامنے ایک اور بندرگاہ بنائی جارہی ہے اور اس ضمن میں مختلف ملکوں کا گٹھ جوڑ سامنے آ رہا ہے، کیونکہ سی پیک بھارت سمیت بعض ممالک کو ایک آنکھ نہیں بھاتا اور یہ عظیم الشان منصوبہ ان کے پیٹ میں درد کر رہا ہے۔ خاص طور پر بھارت کے وزیراعظم مودی نے بلوچستان کے خلاف زبان درازی کی ہے۔ سی پیک سے پاکستان کی معیشت کو جو تقویت اور طاقت ملے گی، مجھے یقین ہے کہ اس سے پاکستان بھارت سے آگے نکل جائے گا اور اپنا لوہا منوائے گا۔


چین کے قونصل جنرل یوبورن نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف جو کہتے ہیں، وہ کر دکھاتے ہیں اور چین کی قیادت اور عوام میں بھی شہباز شریف پاکستان کے عوام کی طرح بہت مقبول اور ہردلعزیز ہیں۔ شہباز شریف مین آف ایکشن ہیں اور ان کا تعلیم کے شعبے کی بہتری کے لئے ویژن قابل ستائش ہے۔ سی پیک کے تحت پنجاب میں ایک مثالی سپیڈ کے ساتھ منصوبوں پرکام ہو رہا ہے۔ شہباز شریف کے کام کرنے کی رفتار غیرمعمولی ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا نام پاک چین دوستی کو عروج پر پہنچانے کے حوالے سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ تعلیم پنجاب حکومت کی اولین ترجیجات میں شامل ہے اور فروغ تعلیم کے لئے ریکارڈ فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ حصول علم کے بغیر کوئی بھی قوم ترقی نہیں کر سکتی، طلبہ و طالبات جدید اور اعلیٰ تعلیم کے حصول پر اپنی توجہ مرکوز کریں۔ ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے نوجوان نسل کو جدید علوم سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں کھیل کے میدانو ں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے بھرپور مواقع فراہم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ طالب علم بھی محنت اور لگن کے ساتھ اپنی تما م تر توجہ حصول علم پر مرکوز کریں اور والدین، اساتذہ اور اداروں کی عزت و وقار میں اضافے کے لئے اپنی کاوشیں جاری رکھیں۔


متوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے ذہین طالب علموں کوبیرونی ممالک میں اعلیٰ تعلیم دلوانے کے لئے انڈومنٹ کی مد میں اربوں روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں، تاکہ غریب کا بچہ بھی اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے اپنے والدین اور ملک و قوم کا نام روشن کرسکے۔پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ پیف وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کا انتہائی مفید، انقلابی اور تعلیم دوست قدم ہے۔اس کاحجم دو ارب روپے سے 13 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے جس کی بدولت وسائل کی کمی کی و جہ سے کوئی ذہین طالب علم تعلیم جاری رکھنے سے محروم نہیں رہے گا۔پیف کے تعلیمی وظائف سے گزشتہ سات سال کے دوران ایک لاکھ طلبہ و طالبات مستفید ہو چکے ہیں۔ ذہانت کی قدر اور علم کے فروغ سے متعلق پیف کے قیام جیسے اقدامات قوموں کی زندگی میں انقلا ب برپا کرتے ہیں۔اگر ساٹھ سال قبل ایسی سوچ اور پالیسی اختیار کی جاتی تو آج علمی ترقی میں مزید آگے ہوتے۔ آئندہ تین برسوں میں پنجاب انڈوومنٹ فنڈز کا حجم 20 ارب روپے تک پہنچ جائے گا اور 100 فیصد مستحق با صلاحیت بچے اعلیٰ ڈگریوں تک تعلیم حاصل کر سکیں گے، جس پرانہیں فخر ہونا چاہئے۔ پیف سے پنجاب کے علاوہ سکردو، بلوچستان، خیبر پختوانخوا، آزاد کشمیر، فاٹا، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کے غریب گھرانوں کے ذہین بچے بھی فائدہ اٹھا رہے ہیں۔اتنے ذہین طالب علم موجود ہوں تو ملک کو کوئی طاقت کمزور نہیں کر سکتی۔ وزیراعلیٰ نے طلبہ وطالبات کو لیپ ٹاپ بھی دیئے۔

مزید :

کالم -