برونائی کے ساتھ باہمی تجارت کے حجم کو بڑھایاجائے: صدر ایف پی سی سی آئی

برونائی کے ساتھ باہمی تجارت کے حجم کو بڑھایاجائے: صدر ایف پی سی سی آئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(اے پی پی )ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرؤف عالم نے کہا ہے کہ برادراسلامی ملک برونائی سے قریبی تعلقات کے باوجود باہمی تجارت کا حجم بہت کم ہے جسے بڑھانے کیلئے حکومت اقدامات کرے، کاروباری برادری اس ضمن میں حکومت سے ہر ممکن تعاون کرے گی، برونائی کی فی کس آمدنی امریکہ کی فی کس آمدنی سے زیادہ ہے اور وہاں کے تاجر چین سمیت دنیا بھر میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں جنہیں پاکستان میں موجود مواقع کے بارے میں بتانے کی ضرورت ہے۔ ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرؤف عالم نے یہ بات برونائی کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر جنرل (ر)طارق رشید خان سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر یو بی جی کے سیکرٹری جنرل زبیر طفیل، ایف پی سی سی آئی کے نائب صدورظفر بختاوری اور ریاض خٹک، چئیرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل اور دیگر بھی موجود تھے۔ عبدالرؤف عالم نے کہا کہ پاکستان اور برونائی نے گزشتہ حکومتوں کے دور میں ایک انوسٹمنٹ کمپنی بنائی جو کامیابی سے چل رہی ہے ،انہوں نے اس سلسلہ میں مزید پیش رفت کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ہم جلد از جلد ایک بڑا تجارتی وفد برونائی بھجوانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے تاکہ سرمایہ کاری اور جائنٹ وینچرز کے امکانات کا جائزہ لے کر تجارتی تعلقات میں اضافہ کیا جا سکے۔ اس موقع پر یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سیکرٹری جنرل زبیر طفیل نے کہا کہ برونائی میں پاکستانی چاول، ٹیکسٹائل اور آم بہت مقبول ہیں مگر نقل و حمل کے اخراجات زیادہ ہیں جبکہ ہم انکی افرادی قوت کی ساری طلب پوری کر سکتے ہیں۔
جس سے انکے ملک میں مین پاور کی کمی دور ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی وفود کے تبادلے سے صورتحال بہتر ہو سکتی ہے۔ اس موقع پر جنرل (ر)طارق رشید خان نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی معاہدہ اور براہ راست پروازیں وقت کی اہم ضرورت ہے۔پاکستان اپنی تمام اشیاء برونائی کے راستے بلا روک ٹوک اور بغیر کسی کوٹے کے برآمد کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برونائی میں جلد ہی پاکستان ویک منایا جائے گا جس میں ایف پی سی سی آئی اور ملک کے تمام چیمبروں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔
lh/tam

مزید :

کامرس -