بارانی زرعی ٹریننگ انسٹیٹیوٹ میں داخلوں کا اجراء

بارانی زرعی ٹریننگ انسٹیٹیوٹ میں داخلوں کا اجراء

راولپنڈی(اے پی پی)بارانی زرعی ٹریننگ انسٹیٹیوٹ داہگل اڈیالہ راولپنڈی میں فیلڈ اسسٹنٹ کے تین سالہ ڈپلومہ کورس میں داخلوں کا اجراء کر دیا گیا۔کورس میں محکمہ زراعت پنجاب کے مستقل ملازمین، حافظ قرآن، کھلاڑی یا مقرر، آزاد جموں کشمیر، اقلیت اور قبائلی علاقہ جات کے طالب علموں کیلئے کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔ ڈپلومہ حاصل کرنے والے طالبعلم سرکاری زرعی اداروں کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ سیکٹر میں اچھی ملازمتیں حاصل کرسکتے ہیں۔ علاوہ ازیں زرعی جامعات میں بی ایس سی (آنرز) ایگریکلچر سطح کے کسی پروگرام میں کوٹہ کی بنیاد پر داخلہ کے اہل ہوں گے۔ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق راولپنڈی، اسلام آباد، جہلم، چکوال، اٹک، گجرات، منڈی بہاؤ الدین، سیالکوٹ اور نارووال کے اضلاع سے تعلق رکھنے والے خواہشمند طالب علم داخلہ فارم مذکورہ ٹریننگ انسٹیٹیوٹ اور متعلقہ اضلاع کے ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت (توسیع) کے دفاتر سے حاصل کرسکتے ہیں۔

جبکہ فارم جمع کروانے کی آخری تاریخ 24 ستمبر 2016 مقرر کی گئی ہے۔ حافظ قرآن اور کھلاڑی کے کوٹہ پر داخلہ کے خواہشمند طالبعلموں کا 27 ستمبر 2016 کو ٹرائل ہوگا۔ مزید معلومات کیلئے 051-5133001 رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

مزید : کامرس