عید پر دہشتگردی کا خدشہ، شہر میں سکیورٹی ہائی الرٹ، پولیس کے مسلح دستوں کا گشت

عید پر دہشتگردی کا خدشہ، شہر میں سکیورٹی ہائی الرٹ، پولیس کے مسلح دستوں کا ...

لاہور(بلال چودھری) صوبائی دارالحکومت میں عید کے موقع پر کسی قسم کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر سخت ترین اور غیر معمولی حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں ۔آج شام سے پورا شہر پولیس کے حصار میں ہو گا جبکہ مسلح دستے اور گھڑ سوار قافلے بھی گشت کریں گے ۔وفاقی حکومت کی طرف سے ملنے والی خفیہ اطلاعات کے بعد لاہور کو عید کے تینوں ایام مکمل طور پر سیل کر دیا جائے گا داخلی اور خارجی راستوں پر مستقل ناکے لگائے جا رہے ہیں جہاں ہر آنے جانے والے کی مکمل چیکنگ ہو گی اس حوالے سے سی سی پی او لاہور کیپٹن امین وینس نے پولیس ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں اور آج شہر میں امن و امان کے قیام کے حوالے سے خصوصی اقدامات کے احکامات جاری کئے ہیں ۔جن مقامات پر نماز عید ادا کی جا رہی ہے وہاں خصوصی حفاظتی اقدامات کئے جائیں گے ۔واک تھرو گیٹ اور میٹل ڈی ٹیکٹر کے ذریعے نمازیوں کی چیکنگ کا بھی انتظام کیا گیا ہے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز آج رات سے ہی اپنے اپنے علاقوں میں گشت شروع کر دیں گے جبکہ ڈولفن فورس اور پیرو فورس کے جوان بھی لاء اینڈ آرڈر کی ڈیوٹی سر انجام دیں گے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1