عوام کانگو وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اختیار کریں، ڈاکٹر عبدالمالک

عوام کانگو وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اختیار کریں، ڈاکٹر عبدالمالک

لاہور( خبر نگار) پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) کے مرکزی صدر ڈاکٹر عبدالمالک نے کہا ہے کہ عید الاضحی کے موقع پر جانوروں کی قربانی ایک اہم فریضہ اور عبادت ہے۔ اس موقع پر تمام لوگوں کو کانگو وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کو اختیار کرنا چاہئے اور حکومت کو بھی جانوروں کے فضلات بروقت تلف کرنے کے لئے حکمت عملی تیار کرنی چاہئے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جانور کی قربانی کے وقت ربڑ کے پتلے دستانے پہن لئے جائیں تو بہتر ہے نیز خون سے حتی الامکان بچنے کی کوشش کریں اور خون لگنے کی صورت میں فوراً دھو لینا چاہئے ۔قربانی کی کھالوں کو اٹھاتے وقت بھی دستانوں کا استعمال مفید ہو گا۔ حکومت جانوروں کے فضلات کو بروقت تلف کرے کیونکہ یہ کانگو سمیت کئی متعدہ بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کو از خود بھی جانوروں کے فضلات کے حوالے سے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہئے کیونکہ یہ نہ صرف گندگی اور بدبو کا باعث بنتے ہیں بلکہ ان سے بہنے والا خون اور مکھیوں کا بیٹھنا کئی متعدی بیماریوں کی وجہ بھی بن سکتا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1