حکومت عوامی مسائل پر توجہ نہیں دے رہی ،عابد صدیقی
لاہور(نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما عابد حسین صدیقی نے کہا ہے کہ حکومت عوامی مسائل پر توجہ نہیں دے رہی مسلم لیگ ن کی حکومت مفادِ عامہ کے مسائل کو حل کرنے میں بُری طرح ناکام ہو گئی ہے مضر صحت دودھ، ناقص خوراک اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی میں طویل عرصے سے مجرمانہ غفلت بھرتی جا رہی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ اس غفلت کے مرتکب حکومتی اداروں کے متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی نہ ہونا بھی سمجھ سے بالاتر ہے۔ لوگ مختلف خطرناک بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں اور حکومتی دلچسپی صرف رسمی کارروائی تک محدود ہے۔ ناقص اور مضر صحت خوراک تیار کرنے والے کسی رعائت کے مستحق نہیں اور عوامی صحت کے دشمنوں کو کسی بھی طرح معاف نہیں کیا جاسکتا۔ ناقص اور مضر صحت خوراک تیار کرنے والوں کے خلاف حکومتی سطح پر سخت کارروائی کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔