حکومت پنجاب ورلڈ بنک کے تعاون سے انفارمیشن شئیرنگ سسٹم تشکیل دے گی
لاہور(خبرنگار) پنجاب گروتھ سٹریٹیجی2016ء کے تحت اگلے دو سال تک 20لاکھ نوجوانوں کی ہنر مند فورس کی تشکیل کا ٹارگٹ حاصل کرنے کیلئے حکومت پنجاب ورلڈ بنک کے مالی تعاون اور گائیڈ لائن سے پنجاب سکلز اتھارٹی،خود مختار ٹیسٹنگ باڈی اورانفارمیشن شئیرنگ سسٹم تشکیل دے گی جس کے ذریعے ہنر سکھانے والے تمام ادارے فنی تربیت کی فراہمی ،سکل گریجوایٹس کی بین الااقوامی معیار کے مطابق ٹیسٹنگ اور تصدیق ،سکلز ٹریننگ کورسسزاور ملازمت کے رجحانات اور مواقع کے حوالے سے طے شدہ ومتفقہ پلان آف ایکشن پر عملدرآمد کے پابند ہونگے۔ یہ بات صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور کی زیر صدارت قائم پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ کی سٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں بتائی گئی۔چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ جہانزیب خان،پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات رانا محمد ارشد،سیکرٹریز انڈسٹریز،لائیو سٹاک،سپیشل ہیلتھ کئیر اور لیبر کے علاوہ پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل،ٹیوٹا اور پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے سی ای اوز،مختلف محکموں اور اداروں کے اعلیٰ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے ویثرن کے مطابق 2018ء تک 20 لاکھ نوجوانوں پر مشتمل ہنر مند افرادی قوت کی تشکیل کے لئے ٹیوٹا ، پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل (PVTC) اور پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ (PSDF) سالانہ اہداف کامیابی سے حاصل کر رہے ہیں۔سال 2015-16ء کے طے شدہ اہداف کے مطابق ٹیوٹانے ایک لاکھ 73ہزار 246نوجوانوں ،پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل نے ایک لاکھ34ہزار762جبکہ پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈنے 56ہزار 187نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں اور صنعتی اداروں کی ڈیمانڈ کے مطابق فنی تربیت فراہم کی ۔پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل نے سکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مل کر 4 ہزار121نوجوانوں کو سکلز ٹریننگ فراہم کی۔سال2015-16ء کے اہداف کے حصول میں فنی تربیت فراہم کرنے والے نجی اداروں نے 33ہزار 921نوجوانوں کو جدید ہنر سکھائے۔ پنجاب گروتھ سٹریٹجی2018ء کے تحت ہنر مند ورک فورس کی تشکیل کے سالانہ اہداف کامیابی سے حاصل کئے جا رہے ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ مقامی و بین الااقومی لیبر مارکیٹ میں پاکستانی ہنر مند افراد کی کھپت میں اضافے کے لئے سکلزڈویلپمنٹ سیکٹوریل پلان پر عملدرآمد تیزی سے جاری ہے ،صوبہ پنجاب کے فنی تربیت فراہم کرنے والے اداروں کی تنظیم نو اور نصاب کو جدید ضروریات سے ہم آہنگ کیا گیا ہے اس کے علاوہ ان تربیت اداروں سے ٹریننگ مکمل کرنے والے نوجوانوں کو مقامی انڈسٹری اور بیرون ممالک بہتر روزگار فراہمی کے لئے بھی اہداف کامیابی سے حاصل کئے جا رہے ہیں ۔