قائد اعظم کے یوم وفات پر ہمیں ملکی سلامتی کیلئے ہرقربانی دینے کا عہد کرنا چاہیے، خدیجہ فاروقی

قائد اعظم کے یوم وفات پر ہمیں ملکی سلامتی کیلئے ہرقربانی دینے کا عہد کرنا ...

لاہور(نمائندہ خصوصی)مسلم لیگ شعبہ خواتین پنجاب کی آرگنائز رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمر فاروقی نے کہا ہے کہ قائداعظم کے یوم وفات کے موقع پر ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ وطن کی آزادی ، یکجہتی اور سلامتی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہاؤس میں یوم وفات قائداعظم کے موقع پر مسلم لیگ شعبہ وخواتین و مسلم لیگی ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر سابق رکن صوبائی اسمبلی پنجاب ماجدہ زیدی، کنول نسیم، زیبا احسان ،تبسم ناز ، صبیحہ سلطان، انجم رضا، تبسم نذیر، سمیعہ طارق، حادیہ اور تسلیم اختر بھی موجود تھیں۔ خدیجہ فاروقی نے کہا کہ آج کچھ شر پسند عناصر پاکستان کو مردہ باد کہہ رہے ہیں آج قائداعظم زندہ ہوتے تو کبھی بھی برداشت نہ کرتے، اسی طرح مسلم لیگ قائداعظم برسر اقتدار ہوتی تو ان غداروں کے خلاف ایکشن لیتی لیکن موجودہ حکومت اپنی کرسی بچانے کیلئے ڈپلومیسی کررہی ہے۔ماجدہ زیدہ نے کہا کہ جس فوج نے ملک کو بچانے کا عزم کیا ہے دہشت گردی کا خاتمہ کیا ہے اس فوج کو خراج تحسین پیش نہیں کیا جارہا ہے6ستمبر کی چھٹی ختم کردی گئی ہے اس کو بحال کیا جائے ۔کنول نسیم نے کہا کہ قائداعظم نے فرمایا تھا کہ خواتین تحریک پاکستان کی طرح تکمیل پاکستان میں بھی اپنا کردار ادا کریں آج ہر پاکستانی عورت جہاد کرے کہ اپنے بچوں کی تربیت اسلام اور نظریہ پاکستان کے مطابق کرے۔ بیگم حامد رانا نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین دور اندیش سیاست دان ہیں موجودہ سیاستدانوں کو ان کی ذہانت سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ تبسم ناز نے کہا کہ پوری دنیا میں قائداعظم کا نعم البدل نہیں ہے وہ پاکستان کی شان اور آن تھے انہوں نے کہا کہ پرویز الہٰی نے ہمیشہ اقلیتوں کو اہمیت دی ہے ۔تبسم نذیر نے کہا کہ نئی نسل کو بتانا ہوگا کہ پاکستان کس طرح حاصل کیا گیا تھا۔سمعیہ طارق نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کی خواتین پاکستان سے پیار کرتی ہیں ۔حادیہ نے کہا کہ آزادی کی قیمت مقبوضہ کشمیریوں سے پوچھنی چاہیے، ہمیں شکر ادا کرنا چاہیے کہ ہم آزاد ملک میں رہتے ہیں ۔زیبا احسان نے کہا کہ قائداعظم کے پاکستان کی حفاظت کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1