گلبرگ ،نوکری سے نکالنے پر ڈرائیور نے فائرنگ کر کے مالک کے گارڈ کو قتل کر دیا ،3افراد شدید زخمی
لاہور(وقائع نگار ) گلبرگ کے علاقہ میں نوکری سے نکالنے پر ڈرائیور نے فائرنگ کرکے سیکیورٹی گارڈ کو قتل جبکہ گھر کے سربراہ سمیت 3 افراد کو شدید زخمی کردیا، پولیس نے ملزم شفقت کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے ۔پولیس کے مطابق گلبرگ تھری کے رہائشی فیصل نے گزشتہ ہفتے اپنے ڈرائیور شفقت کو نوکری سے نکال دیا تھا۔ اسی رنجش کی بنا پر ہفتے کی درمیانی شب شفقت نے اپنے چار مسلح ساتھیوں کے ہمراہ فیصل کے گھر گھسنے کی کوشش کی۔ مین گیٹ پر تعینات سیکیورٹی گار ڈ شوکت اور کرم الٰہی نے انہیں روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے اندھا دھند فائرنگ کردی۔ فائرنگ سے گارڈ شوکت موقع پر جاں بحق جبکہ کرم الٰہی شدید زخمی ہوگیا۔اس کے بعد شفقت نے گھر میں گھس کر فائرنگ شروع کردی،جس کے نتیجے میں گھر کا سربراہ فیصل اور اس کی بیوی آمنہ شدید زخمی ہوگئے۔ شفقت ساتھیوں کے ہمراہ اندھا دھند فائرنگ کرتا ہوا موقع سے فرار ہوگیا۔ تینوں زخمیوں کو طبی امداد کے لئے جناح ہسپتال میں منتقل کردیا گیا جہاں تینوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔اطلاع ملنے پر ایس پی ماڈل ٹاؤن اسماعیل کھاڑک سمیت پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس کا کہناہے کہ تمام افراد کے بیانات قلمبند کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے ان کی تلاش کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں جلد ہی ان کو پکڑ لیا جائے گا۔پولیس نے مقتول سیکیورٹی گارڈ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانہ میں منتقل کر دیا ہے۔