عید الا ضحی پر محفوظ سفر مہیا کرنے کیلئے موٹر وے پولیس کے خصوصی اقدامات

عید الا ضحی پر محفوظ سفر مہیا کرنے کیلئے موٹر وے پولیس کے خصوصی اقدامات

لاہور(وقائع نگار ) عید الا ضحی کے موقع پر اپنے گھروں کو واپس لوٹنے والوں کو محفوظ سفر مہیا کرنے کے لیے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس سنٹرل زون نے آئی جی کی ہدایات پر خصوصی اقدامات کیے ہیں ۔ قومی شاہرات پر پٹرولنگ افسران اور گاڑیوں کی تعداد بڑھا دی گئی ہے اس کے علاوہ موٹر وے پولیس سنٹرل زون کے افسران نے روڈ یوزرز کو روڈ سیفٹی بریفنگ و آگہی دینے کے ساتھ عید گفٹ بھی پیش کررہے ہیں۔ قومی شاہراہ پر سفر کرنے والوں کو عید کے پر مسرت مو قع پر خیرو عافیت کے ساتھ اپنے گھرو ں کو واپس جانے والوں کے لیے سنٹر ل زون میں زونل کمانڈر ڈی آئی جی مرزا فاران بیگ کی زیر نگرانی خصوصی مہم چلائی جارہی ہے جس میں موٹر وے پولیس کے افسران ان کو روڈ سیفٹی شعور کی آگاہی فراہم کر رہے ہیں ۔ڈی آئی جی مرزا فاران بیگ نہ صرف اس تمام مہم کو مانیڑ کر رہے ہیں بلکہ انہوں نے بذات خود بھی روڈ یوزرز کو بریفنگ اور گفٹ وغیر ہ پیش کیے ۔ لوگوں میں پھول بانٹے گئے اور بچوں کو چاکلیٹ اور خصوصی تحائف دئیے گئے ۔لوگوں کو سفری سہولیات بہم پہنچانے اور ان کے محفوظ سفر کیلئے سپیشل بریفنگ دی گئی ۔ ڈی آئی جی نے تمام اہلکاروں کو ہدایت دی کہ وہ مستعد رہیں اور کسی بھی حادثے یا ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں فوری موقع پر پہنچیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو اس بات کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی کہ عید کے موقع پر مسافروں کے ساتھ کوئی کسی قسم کی زیادتی کرے۔

مزید : علاقائی