مسلم لیگ ن کے کارکنوں کا خیبرپختونخوا اسمبلی پر دھاوا ،گیٹ پر پارٹی پرچم لہرا دیا

مسلم لیگ ن کے کارکنوں کا خیبرپختونخوا اسمبلی پر دھاوا ،گیٹ پر پارٹی پرچم ...

پشاور،اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے رائیونڈ مارچ کے اعلان کے بعد مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے خیبر پی کے اسمبلی پر دھاوا بول دیا اور اسمبلی کے گیٹ پر پارٹی پرچم نصب کر دیئے۔نیو نیوز کے مطابق مسلم لیگ کے کچھ کارکن خیبر پی کے اسمبلی کے دروازے پر آئی اور وہاں قبضہ کرنے کے بعد اپنی پارٹی کے جھنڈے لگا دیئے۔اس دوران کارکنوں نے کہا کہ اگر رائیونڈ مارچ کیا گیا تو ہم بنی گالہ کا گھیراؤکریں گے۔ عمران خان ہوش کے ناخن لیں اور سیاست میں تشدد کا عنصر نہ آنے دیں۔واضح رہے کہ وزیر مملکت عابد شیرعلی نے گزشتہ روز کہا تھا کہ ہم اس مارچ کے جواب میں اپنے کارکنوں کو کھلی چھٹی دیں گے کہ وہ جو چاہے کر سکتے ہیں۔ان کے اپنے جذبات ہیں ہم کسی کو روک نہیں سکتے۔دوسری طرفخیبر پی کے کے صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی اور پی ٹی آئی کے سینئر رہنما ایم این اے جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ ن لیگ والوں نے اپنا ماضی یاد کرا دیا۔ان کی اس حرکت نے سپریم کورٹ پر حملے کی یاد تازہ کر دی۔ان رہنماوں کا کہنا تھا کہ ن لیگ اپنی کرپشن کا ریکارڈ جلانے میں مصروف ہے۔ نیب اور عدلیہ نوٹس لیں۔ عید کے بعد رائیونڈ کی جانب مارچ کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ اداروں پر یلغار کے بارے میں بدترین ریکارڈ رکھتی ہے۔ پارلیمان، میڈیا اور عدلیہ سمیت کوئی بھی ان کے شر سے محفوظ نہیں۔ہماری احتساب تحریک سے گھبرا کر ن لیگ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی۔انہوں نے کہا کہ کوئی یہ نہ سمجھے کہ کسی دھمکی سے ہمیں ڈرا سکے گا ہم نے ان جیسے کئی دیکھے ہیں جو وقت آنے پر میدان سے بھاگ جاتے ہیں۔واضح رہے کہ ن لیگ کے کچھ کارکنوں نے رائیونڈ مارچ کے اعلان پر خیبر پی کے اسمبلی پر حملہ کیا تھا۔پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رحمت سلام خٹک نے کہا ہے کہ اسمبلی کی عمارت پر چڑھنا قابل مذمت ہے۔اسمبلی کی عمارت پر حملے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔جیو نیوز کے مطابق رحمت سلام خٹک نے کہا کہ احتجاج ہر کارکن کا حق ہے لیکن جمہوری اقدار کو پامال نہ کیا جائے۔ جھنڈے لگانے کا کام کسی سیاسی کارکن نے نہیں کیا۔ معلوم کر رہے ہیں کہ یہ کام کس نے کیا۔

مزید : صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...