عالمی برادری دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہمارے عزم پر انگلی نہ اٹھائے :ترجمان پاک فوج

عالمی برادری دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہمارے عزم پر انگلی نہ اٹھائے :ترجمان ...

اسلام آباد(اے این این) پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے عالمی دہشتگردی سے متعلق عالمی برادری کے طرز عمل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہمارے عزم پر انگلی نہ اٹھائی جائے،قربانیوں کو بھی دیکھا جائے،پاکستان 15سال سے بدترین دہشتگردی کا سامنا کر رہا ہے ،ہم نے دنیا سے زیادہ کام کیا،ہزاروں جانوں کے ساتھ 107ارب ڈالر کا مالی نقصان بھی برداشت کیا ہے۔نائن الیون کی 15ویں برسی کے موقع پر امریکی نشریاتی ادارے کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ پاکستان نے نائن الیون کے بعد سے شروع ہونے والی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں نمایاں کردار اد ا کیا ہے ۔ہم نے پوری دنیا سے زیادہ کام کیا اور اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ہم نے اس جنگ میں بھاری قیمت ادا کی ہے۔ہمارے ملک کو دہشت گردی کے خلاف نا صرف بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا بلکہ ان کے بقول ملکی معیشت کو بھی اربوں ڈالر کا نقصان ہوا۔انھوں نے کہا کہ پاکستان قوم اور داروں نے ہزاروں جانوں کے ساتھ ساتھ 107ارب ڈالر کا معاشی نقصان برداشت کیا ہے اور دہشتگردی سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو کیلئے ابھی بہت کچھ کرنا ہے ۔آج اگر پاکستان کے اوپر کوئی انگلی اٹھاتا ہے یا پاکستان کی عزم کو شک کی نگاہ سے دیکھتا ہے تو ان کو یہ پاکستان کی قربانی بھی مد نظر رکھنی چاہیے ۔

مزید : صفحہ اول